Sunday, May 5, 2024

نوازشریف کی طبیعت میں بہتری، پلیٹ لیٹس کی تعداد بیس ہزار تک پہنچ گئی

نوازشریف کی طبیعت میں بہتری، پلیٹ لیٹس کی تعداد بیس ہزار تک پہنچ گئی
October 24, 2019

لاہور (92 نیوز) نوازشریف کی طبیعت میں بہتری آنے لگی۔ پلیٹ لیٹس کی تعداد بیس ہزار تک پہنچ گئی۔

سروسز اسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت میں اتار چڑھاؤ جاری ہیں۔ میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے غیر رسمی بات چیت میں کہا کہ ڈاکٹر طاہر شمسی کے معائنہ کے بعد نوازشریف کو آئی ٹی پی بیماری کی تشخیص ہو گئی۔ بیماری کے علاج کے لیے انجکشن کے ذریعے ادویات دینا شروع کر دی گئیں، چار سے پانچ روز میں مثبت نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نواز شریف کی اس بیماری کا مکمل علاج موجود ہے۔ بلیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر نواز شریف کو شیو اور دانت برش کرنے سے روک دیا گیا۔ پلیٹ لیٹس کو برقرار رکھنے کے لیے ادویات دی جا رہی ہیں۔

 ادھر شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے دوسرے رہنماؤں کی سروسز اسپتال میں آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ مولانا طارق جمیل بھی نوازشریف کی عیادت کرنے کے لئے سروسز اسپتال پہنچے۔

 مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے حکومت نے نوازشریف  کی بیماری کو غیرسنجیدگی سے لیا ہے۔ اس دوران مسلم لیگ ن کے کارکنوں  نے احتجاج  کرتے ہوئے جیل روڈ بلاک کر دیا جس سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔