Friday, March 29, 2024

نواز شریف کی عبوری ضمانت منگل تک منظور، روبکاری جاری

نواز شریف کی عبوری ضمانت منگل تک منظور، روبکاری جاری
October 26, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آبادہائیکورٹ نے  العزیزیہ اسٹیل ملز  میں سزا یافتہ نواز شریف کی عبوری ضمانت منگل تک منظور کر لی ۔نیب نے نواز شریف کی درخواست ضمانت کی مخالفت نہیں کی ، عدالت نے بیس لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض منگل تک ضمانت منظور کر لی ۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ  اگر وفاقی حکومت مطمئن ہے کہ منگل تک نواز شریف کو کچھ نہیں ہو گا تو ہم درخواست مسترد کر دیتے ہیں  ، اس دوران ملزم کو کچھ ہوا تو حکومت اور نیب ذمہ دار ہوں گے  ۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ ہم ذمہ داری نہیں لے سکتے ،وفاقی حکومت کا کوئی کردار نہیں  جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ پنجاب حکومت ذمہ داری لے یا انکار کر دے ٹال مٹول سے کام نہ لیں ۔ https://youtu.be/p7DOu3Z7L1o اس سے قبل دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ پنجاب حکومت نے ان کے لیے کیا کیا جو جیلوں میں علاج نہ ملنے پر مر گئے، جواب دیا جائے ، ہمیں ٹال مٹول والے جواب نہ دئیے جائیں۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سے اس معاملے پر رپورٹ طلب کی تھی۔ مچلکے جمع ہونے کےبعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی رہائی کے لئے روبکاری بھی جاری کر دیے ، روبکار سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت کے نام کورئیر کے ذریعے جاری کئے گئے ۔ روبکار ملتے ہی نواز شریف  ضمانت پر رہا ہو جائیں گے ۔