Thursday, March 28, 2024

نوازشریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

نوازشریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر
March 13, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے نوازشریف کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کر دی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے نواز شریف کی درخواست آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ درخواست پر سماعت کرے گا۔ نواز شریف نے طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست  پر جلد سماعت کی استدعا کی تھی۔ جسے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے منظور کر لیا۔ دوسری طرف مسلم  لیگ ن  نے نواز شریف  کے علاج کے حوالے سے حکومتی پیشکش پر جوابی خط تیار کر لیا۔ جواب دو سے تین روز میں حکومت کو بھجوا دیا جائے گا۔ نوازشریف کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاج کے نام پر نوازشریف کی تضحیک قبول نہیں۔ اسپتالوں میں اس طرح گھمایا جاتا رہا جیسے وہ  خانہ بدوش ہوں۔ نوازشریف کا کہنا ہے کہ انھیں عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ عدالتوں سے ریلیف ملنے کی صورت میں وہ اپنا علاج خود کرائیں گے۔ دوسری جانب  العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے کے وقت کار سرکار مداخلت کیس میں دو لیگی خواتین زبیدہ بیگم اور ملیحہ حسین کی ضمانتیں خارج کردی گئیں۔ انسداد دہشت گردی  کی خصوصی عدالت نے ملزمہ کی عدم پیشی اور مچلکے جمع نہ کرانے پر درخواست ضمانتیں خارج کر دیں۔