Friday, March 29, 2024

نوازشریف کی صحت کا معاملہ ، موبائل کارڈیک یونٹ ایمبولینس کوٹ لکھپت جیل پہنچا دی گئی

نوازشریف کی صحت کا معاملہ ، موبائل کارڈیک یونٹ ایمبولینس کوٹ لکھپت جیل پہنچا دی گئی
March 9, 2019
 لاہور (92 نیوز) نوازشریف کے صحت کے معاملے پر موبائل کارڈیک یونٹ ایمبولینس کوٹ لکھپت جیل پہنچا دی گئی۔ ایک ماہر امراض دل ، فزیشن اور ٹیکنیشن بھی موجود ہیں۔ قائد ن لیگ کے لیے ڈاکٹرز چوبیس گھنٹے ڈیوٹی دیں گے۔ کسی بھی ایمرجنسی پر جناح اسپتال یا پی آئی سی منتقل کیا جائے گا۔ نواز شریف کیلئے جیل میں ’’لائف سیونگ یونٹ‘‘ بنانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن کی رکن عظمیٰ زاہد بخاری کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف تین بار پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہوئے۔ حسد اور بغض کی آڑ میں عارضہ قلب میں مبتلا شخص کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اُدھر وزارت داخلہ پنجاب نے جیل میں قید نواز شریف کو علاج کے لیے خط لکھ دیا۔ خط میں لکھا گیا ہے آپ کا طبی معائنہ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر ثاقب شفیع اور ڈاکٹر شاہد حمید نے کیا۔ ڈاکٹروں نے انجیو گرافی اور مزید علاج کے لیے کارڈیک اسپتال تجویز کیا۔ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب اورسینیئر صحافی نے جیل میں آپ سے ملاقات بھی کی۔ آپ کو کسی بھی سرکاری یا نجی اسپتال میں علاج کی آفر کی گئی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ آپ کو مرضی کےاسپیشلسٹ ڈاکٹر سے علاج کی سہولت دینےکا بھی کہا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے نوازشریف کےلئے کارڈیک موبائل یونٹ ایمبولینس کوٹ لکھپت پہنچا دی گئی ہے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری پیر کو نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کریں گے۔ ادھر خواجہ آصف حکومت پر برس پڑے کہا حکومت سیاسی انتقام لے رہی ہے۔ نوازشریف کو کچھ ہوا تو تشدد کے راستے کھل جائیں گے۔ ہمارے رویوں کی وجہ سے ہمیں اندرونی طور پر زیادہ خطرات ہیں۔ پاکستان کی سرحدوں پر خطرات  منڈلا رہے ہیں۔