Monday, September 16, 2024

نوازشریف کی ریلی میں سرکاری وسائل کا استعمال، قافلے میں 650سے زائد سرکاری گاڑیاں شامل

نوازشریف کی ریلی میں سرکاری وسائل کا استعمال، قافلے میں 650سے زائد سرکاری گاڑیاں شامل
August 12, 2017

لاہور(92نیوز)نااہل سابق وزیراعظم نوازشریف کی جی ٹی روڈ ریلی میں سرکاری مشینری اور ذرائع کا بے دریغ استعمال کیا گیا ۔قافلے میں چھ سو پچاس سے زائد سرکاری گاڑیاں بھی شامل ہیں ۔ بعض سرکاری گاڑیوں کی نمبرپلیٹ تبدیل کی گئی ہیں ۔دوسری طرف ریلی میں ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں ۔

تفصیلات کےمطابق نااہل بھی ہو گئےسابق بھی ہوگئے  مگر سرکاری پروٹوکول ابھی بھی جاری ۔رسی تو جل گئی بل نہیں جا رہا ۔انداز وہی شہنشاہانہ ،سرکاری ذرائع کو استعمال کرنا اب بھی اپنا حق سمجھا ۔جی ہاں سابق وزیراعطم نوازشریف کاگوجرانوالہ سے لاہور تک  کےسفر میں  بھی سرکاری مشینری اور ذرائع کا بے دریغ استعمال کیا گیا ۔ نوازشریف کےجلوس میں  650سےزائدسرکاری گاڑیاں بھی شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق  سب سےزیادہ سرکاری گاڑیاں واپڈا کی ہیں جن کی تعداد 76ہے،پنجاب ایکسائزڈیپارٹمنٹ کی 62،پنجاب پولیس کی 68 گاڑیاں قافلے میں شامل ہیں جبکہ پنجاب ریوینوبورڈ کی61،پاکستان ریلویزکی 58گاڑیاں قافلے کی رونق بڑھا رہی ہیں ،،قافلےمیں شامل بعض سرکاری گاڑیوں کی نمبرپلیٹ تبدیل کر دی گئیں۔ قافلے میں کچھ گاڑیاں بغیرنمبرپلیٹ کے بھی چلائی جا رہی ہیں۔  گوجرانوالہ میں لیگی رہنما لوگوں کو اکٹھا کرنے کیلئے نوٹ نچھاور کرتے رہے پیسےلوٹنےکیلئےلوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف حربوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھی اذیت دی گئی  آج بھی ریلی میں ایمبولینسیں پھنس گئیں ۔ جس کےباعث مریضوں کو اسپتال لےجانےمیں مشکلات  کا سامنارہا ریلی میں ایل پی جی سلنڈروں سے بھری گاڑی بھی پھنس گئی۔  دوسری طرف شیخوپورہ میں سابق وزیراعظم کےاستقبال کیلئےسرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا  ضلع کونسل اور بلدیہ کے ملازمین  کے ساتھ ساتھ محکمہ ہیلتھ کو بھی استقبال کی تیاریوں میں لگائے رکھا۔