Friday, May 17, 2024

نوازشریف کی رہائشگاہ کے باہر مظاہرہ جنگ کا حکومتی پیغام ہے، خواجہ آصف

نوازشریف کی رہائشگاہ کے باہر مظاہرہ جنگ کا حکومتی پیغام ہے، خواجہ آصف
December 9, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) ن لیگ کے رہنماء خواجہ آصف نے قو می اسمبلی میں دھواں دھار خطاب میں حکومت کو کھلی تنقید کا نشانہ بنایا، کہتے ہیں کہ کل لندن میں نوازشریف کے بیٹے کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا گیا اور حملہ کرنے کی کوشش کی گئی، غلط روایت ڈالی جا رہی ہے۔ حکومت جنگ کا پیغام دے رہی ہے۔ ن لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ ایسے مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا تو پھر بند نہیں ہوگا، جانتے ہیں ایسے رویے کی سرپرستی کی گئی تو تشدد کی لہر ابھرے گی؟۔ مظاہرین کے سرپرست کو جانتے ہیں، نواز شریف عدالت کی اجازت سے باہر گئے ہیں۔ خواجہ آصف بولے کہ اقتدار بصارت اور قوت سماعت چھین لیتا ہے، کل ہم اپنے ورکرز کو کہہ دیں کہ فلاں کے گھر جا کے مظاہرہ کرو لیکن ہم ایسا نہیں کریں گے، چادر او چار دیواری کا تقدس پامال نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی دشمنی کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہ کریں، ہم وہ دشمنی بھی نبھانا جانتے ہیں۔ کیا اس طریقے سے آپ اپوزیشن کا تعاون حاصل کریں گے، حکومت جنگ کا پیغام دے رہی ہے لیکن اس سے پہلے سب سامان لپیٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی سیاستدان کے گھر کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال ہوا تو ہر حد تک جائیں گے، اگر نواز شریف یا کسی سیاستدان کے گھر پر حملہ کیا تو ہم بھرپور جواب دیں گے ،ہمیں اشتعال دلانے کی کوشش مت کریں ایسی صورتحال میں حکومت سے رابطے برقرار رکھنا ممکن نہیں۔ الیکشن کمیشن، ایوان چلانے اور قانون میں کسی ترمیم کا حصہ نہیں بنیں گے۔