Saturday, May 18, 2024

نوازشریف کی تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست، نیب کو نوٹس جاری

نوازشریف کی تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست، نیب کو نوٹس جاری
November 14, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواستوں پر نیب کونوٹس جاری کردیا ۔ احتساب عدالت میں جاری کارروائی پر حکم امتناعی کی درخواست مسترد کر دی گئی ۔ نوازشریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں تو وسیع ریلیف مانگا ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ سے تو آٹے میں نمک کے برابر ریلیف مانگ رہے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواستوں پر سماعت کے دوران نیب کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے نوازشریف کے وکیل سے استفسارکیا کہ سپریم کورٹ میں آپ نے کیا درخواست دائر کر رکھی ہے؟ ۔
نوازشریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کی درخواست اس عدالت میں دی گئی درخواست سے مختلف ہے ۔ سپریم کورٹ میں تو نیب کو ایک ریفرنس دائر کرنے کا حکم دینے کی درخواست دی ہے۔
جسٹس عامر نے کہا کہ آپ اس درخواست کے ذریعے بھی تو ایک ہی ٹرائل مانگ رہے ہیں۔ وکیل نوازشریف نے عدالت کوبتایا کہ سپریم کورٹ میں تو وسیع ریلیف مانگا ہے، یہاں آٹے میں نمک کے برابر ریلیف مانگنے آئے ہیں۔سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ ایک ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا جائے۔ ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کو بے شک الگ چلایا جائے۔ مگر ریفرنسز پر ٹرائل کے بعد فیصلہ ایک ہی روز سنایا جائے۔
نوازشریف کے وکیل کا کہناتھا کہ فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنسز میں 9 میں سے 6 گواہ مشترک ہیں۔ اگر ان دو ریفرنسز کو یکجا کر دیا جائے تب بھی وہ مطمئن ہیں۔
کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی۔