Thursday, April 25, 2024

نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں جمع

نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں جمع
January 15, 2020

 لاہور (92 نیوز) نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس لاہورہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔

رپورٹس نواز شریف کے وکیل امجد پرویز کے ایسوسی ایٹ سلمان سرور نے جمع کروائیں۔ چار مختلف میڈیکل رپورٹس لاہور ہائیکورٹ کے ایچ آر سی ڈیپارٹمنٹ میں جمع کروائی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق نواز شریف کو دل کا عارضہ لاحق ہے۔ دل سے دماغ کو جانے والی شریان سکڑ گئی ہے۔ رپورٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ نوازشریف کی سرجری ہونی ہے، حالت بہتر ہونے تک سرجری ممکن نہیں۔

رپورٹ میں نوازشریف کے صحت مند ہونے تک برطانیہ میں رہنے کی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کے امراض قلب کی ادویات بوقت ضرورت جاری رہیں گی۔

کارڈیک کنسلٹنٹ سرجن ڈیوڈلارنس نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس تیار کیں۔ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے کیلئے ماہرین اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی فوری اینجیو گرافی کروائی جائے۔

صوبائی وزیرصحت یاسمین راشد کا کہنا ہے ہمیں میڈیکل رپورٹس فراہم نہیں کی گئیں، رپورٹس ملنے کے بعد ہی بورڈ تشکیل دے کر معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔ نوازشریف اپنی مدت کے دوران علاج کراکے واپس آجائیں۔

 مریم اورنگزیب کا کہنا ہے جن رپورٹس پر سیاسی تماشہ کیا گیا وہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے تصدیق شدہ ہیں،عمران خان نے نوازشریف کی صحت کا نوٹس لیا، کبھی عوام کی صحت کا بھی نوٹس لیں۔