Monday, September 16, 2024

نوازشریف کو کیوں نکالا کر دیا ،اب شہبازشریف کی باری ہے ،عمران خان

نوازشریف کو کیوں نکالا کر دیا ،اب شہبازشریف کی باری ہے ،عمران خان
March 22, 2018

گوجرانوالہ ( 92 نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کو کیوں نکالا کر دیا ،اب شہبازشریف کی باری ہے ۔ 2018 کے الیکشن میں ہم نے پنجاب کو شریفوں سے آزاد کرنا ہے ، چوری ہو کر باہر جانیوالا پیسہ عوام کی صحت اور تعلیم پر خرچ کرینگے۔

عمران خان نے گوجرانوالہ کی مہم سازی کے لئے لگائے کیمپوں کا دورہ کیا تو کھلاڑیوں کا جوش ساتویں آسمان کو چھونے لگا  ۔کہیں اُنہیں دستار پہنائی گئی تو کہیں پہلوانوں کی پہچان گرز پیش کیا گیا ۔ کھلاڑیوں نےاپنے کپتان پر ڈالرز کی بارش بھی کی  ۔

عمران خان نے واضح کہا کہ شریف برادران نے منی لانڈرنگ کی ۔ پیسہ پاکستان سے باہر لے گئے  ،یہاں صرف حکومت کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ نہیں کیا۔

 کپتان نے کہا کہ ملتان میں جو میٹرو بس بنائی اس پر کوئی مسافر سفر ہی نہیں کرتے ،  بسوں کے شیشے کالے کر دیئے ہیں تاکہ باہر سے نظر نہ آئے کہ اندر کوئی بیٹھا ہے یا نہیں ۔ عمران خان نے کہاکہ ایک روپیہ ڈالر کی قیمت بڑھے تو پاکستانیون پر ایک سو ارب روپے کا قرض بڑھ جاتا ہے ، اب پانچ روپے ڈالر کی قیمت بڑھی تو پانچ سو ارب روپے قرض بڑھ گیا  ہے ۔ الیکشن کمپئن شروع ہوتے ہی نوازشریف کو بتاؤں گا اسے کیوں نکالا ۔

کپتان نے مزید کہا کہ نوازشریف کی بیوی بیمار ہوئی لندن چلی گئی، شہبازشریف بیمار ہوا تو لندن چلا گیا مگر عوام میں سے کسی کی ماں بیمار ہو جائے تو وہ کیسے لندن جائیں گے؟۔  پنجاب میں کوئی ایسا اسپتال کیوں نہیں بنایا گیا جہاں حکمرانوں کا خود کا علاج ہو سکے ۔