Friday, April 19, 2024

نوازشریف کو میڈیکل چیک اپ کیلئے لندن کے گائز اسپتال پہنچا دیا گیا

نوازشریف کو میڈیکل چیک اپ کیلئے لندن کے گائز اسپتال پہنچا دیا گیا
November 20, 2019
 لندن (92 نیوز) نوازشریف کو میڈیکل چیک اپ کیلئے لندن کے گائز اسپتال پہنچا دیا گیا ۔ نواز شریف کے دونوں بیٹے ،شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان بھی ساتھ ہیں ۔ گائز اسپتال لندن برج کے قریب واقع ہے۔ ڈاکٹرز طبی معائنے کے بعد علاج کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نواز شریف  لاہور سے براستہ دوحہ لندن پہنچے۔ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس آمد پر کارکنوں نے نعرے بازی کرکے استقبال کیا۔ قطر ایئر ویز کی ایئر ایمبولینس نواز شریف کو لیکر ہیتھرو ایئر پورٹ پہنچی۔ شہبازشریف اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ نواز شریف کیلئے  ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں انتہائی نگہداشت یونٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس سے قبل نواز شریف قطری ایئر بس میں لاہور سے براستہ دوحا لندن کے لیے صبح تقریباً ساڑھے  دس بجےروانہ ہوئے تھے۔ جاتی امرا سےبڑی تعداد میں کارکنوں نے الوداع کیا اور جلوس کی صورت میں ایئرپورٹ پہنچے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز والد کو رخصت کرنے ایئرپورٹ نہیں گئیں تھی ، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ گھر سے ہی رخصت کیا اور والد کی صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔ شہبازشریف نوازشریف سے پہلے لاہور ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سےعدالتی احکامات دکھائے اور دیگر ضروری معاملات دیکھے، نواز شریف کے ایئرپورٹ پہنچنے پر امیگریشن کارروائی  مکمل کی گئی۔ شہبازشریف نے اپنے بھائی کو ایئرایمبولینس کی سیڑھیوں پر چڑھنے میں مدد دی، ایئرایمبولینس میں موجود ڈاکٹرز کو ن لیگی قائد کی میڈیکل ہسٹری کی فائل بھی دی گئی جس کے بعد ضروری انتظامات کئے گئے۔