Friday, April 19, 2024

نوازشریف کو سزا ہوئی تو عوامی رابطہ مہم چلائی جائے ، ن لیگ کے اجلاس میں تجاویز

نوازشریف کو سزا ہوئی تو عوامی رابطہ مہم چلائی جائے ، ن لیگ کے اجلاس میں تجاویز
December 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) نوازشریف اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے درمیان پارلیمنٹ ہائوس میں ون آن ون ملاقات ہوئی اور احتساب عدالت کے متوقع فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں بھائیوں نے اتفاق کیا کہ اگر فیصلہ حق میں آیا تو خاموشی اختیار کی جائے اور خلاف آیا تو عوامی رابطہ مہم چلے گی۔ بھائی سے ملاقات کے ساتھ نوازشریف نے پارٹی کی سنٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس بھی پارلیمنٹ میں ہی بلا لیا۔ بیٹھک لگانے کےلیے کمیٹی روم نمبر2 کو چنا گیا لیکن اسپیکر نے کمیٹی روم نمبر2 میں اجلاس سے روک دیا۔۔ نوازشریف رکن قومی اسمبلی نہیں اس لئے پارلیمنٹ کے کمیٹی روم استعمال نہیں کرسکتے۔ اسپیکر کی جانب سے روکنے پر اجلاس اپوزیشن چیمبر میں ہوا۔ جس میں نواز شریف کو سزا کی صورت میں حمزہ شہباز اور شاہد خاقان عباسی سمیت سینئر قائدین کی نگرانی میں عوامی رابطہ مہم چلانے کی تجاویز دی گئیں۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔۔ اس سے پہلے نوازشریف پارلیمنٹ ہائوس پہنچے تو ان کے گارڈز سمیت شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے گارڈز کو پارلیمنٹ کے اندر جانے کی اجازت نہ ملی۔