Sunday, September 8, 2024

نوازشریف کو دوبارہ قومی اسمبلی میں لانے کے لئے ن لیگ کی کوششیں تیز

نوازشریف کو دوبارہ قومی اسمبلی میں لانے کے لئے ن لیگ کی کوششیں تیز
September 19, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) نوازشریف کو دوبارہ قومی اسمبلی میں لانے کے لئے مسلم لیگ ن ہاتھ پاؤں مارنے لگی۔ نااہلی کی مدت کے تعین کے لئے حکومت کا سپریم کورٹ سے رہنمائی حاصل کرنے کا فیصلہ۔ صدرمملکت کو سزا معافی کی اپیل بھیجنے پربھی غورکیا جارہا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نااہل ہوچکے لیکن یہ بحث اب تک جاری ہے کہ ان کی نااہلی کتنی مدت کے لئے ہے؟ اب مسلم لیگ ن نے اسی نکتے کو سپریم کورٹ کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے نااہلی کی مدت جاننے کے لئے سپریم کورٹ سے رہنمائی کے لئے صدارتی ریفرنس دائر کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ ریفرنس دائر کرنے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وطن واپسی پرجائے گا۔

آئین کے ارٹیکل 186 کے تحت صدر مملکت کسی بھی آئینی معاملے پر عدالت عظمیٰ سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی نا اہلی کے بعد ایسا ریفرنس دائر کرنا حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

حکومتی ذرائع بتاتے ہیں کہ سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کے ساتھ ساتھ نوازشریف کی نا اہلی کی سزا معاف کرانے کےلئے صدر مملکت کو اپیل کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔

ماضی میں سابق صدر آصف علی زرداری نے اس وقت کے وزیر داخلہ رحمن ملک کی سزا معاف کی تھی۔ اسی مثال کو بنیاد بناتے ہوئے نواز شریف کی سزا معاف کرانے کی کاوش کی جائے گی۔