Sunday, April 28, 2024

نواز شریف علاج کیلئے آج لندن روانہ ہونگے، وزارت داخلہ نے اجازت دیدی

نواز شریف علاج کیلئے آج لندن روانہ ہونگے، وزارت داخلہ نے اجازت دیدی
November 19, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) نوازشریف آج صبح 10 بجے علاج کیلئے لندن روانہ ہوں گے، وزارت داخلہ نے نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔ چار ہفتوں کیلئے ایک بار بیرون ملک جانے کا اجازت نامہ جاری کردیا، ایئرایمبولینس صبح کے وقت لاہور پہنچے گی، ایئرپورٹ انتظامیہ کو شیڈول سے آگاہ کردیا گیا۔ نوازشریف کی علاج کیلئے لندن اڑان کی تیاریاں مکمل ہوگیئں، وزارت داخلہ نے نوازشریف کو 4 ہفتوں کیلئے ایک مرتبہ بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی، ن لیگ نے عدالتی حکم نامہ وزارت داخلہ کو بھیجا تھا۔ ڈاکٹروں نےاسٹیرائیڈز اور ادویات کے زیادہ استعمال سے سائیڈا ایفیکٹس کو کنٹرول کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں، پارٹی کی طرف سے منگل کو روانگی کی تصدیق کی گئی ہے۔ نوازشریف کے معالج ڈاکٹر عدنان نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا ایئرایمبولینس میں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر کی سہولت بھی موجود ہوگی جبکہ ڈاکٹرزاورپیرامیڈیکس کا عملہ بھی نوازشریف کے ہمراہ سفر کرے گا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے نوازشریف کے علاج میں چھ سے سات ماہ لگ سکتے ہیں، چندروز لندن کے ہارلےاسٹریٹ کلینک میں زیر علاج رہیں گے، مکمل علاج کے لیے امریکی شہر بوسٹن کے ماس جنرل اسپتال لے جایا جائے گا۔ نواز شریف کے ہمراہ شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان بھی لندن روانہ ہوں گے جبکہ انہیں چار ہفتے سے زیادہ عرصہ بیرون ملک قیام کی صورت میں دوبارہ عدالت سے اجازت لینا پڑے گی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دینے کاسلسلہ جاری ہے تاکہ پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے دوران مطلوبہ سطح پر رہے، ڈاکٹرز پلیٹ لیٹس اس محفوظ سطح پر رکھنے کو یقینی بنارہے ہیں کہ ہوائی سفر میں کوئی طبی مسئلہ پیدا نہ ہو۔