Friday, May 3, 2024

نوازشریف کا ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی جارحانہ انداز، مخالفین کے نصیب میں صرف دھرنے ہیں: وزیراعظم نوازشریف  

نوازشریف کا ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی جارحانہ انداز، مخالفین کے نصیب میں صرف دھرنے ہیں: وزیراعظم نوازشریف  
May 17, 2016
پشاور (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کا دعویٰ کرنے والوں کے پاس دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں خیبرپختونخوا بھی نہیں رہے گا۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کے نصیب میں دھرنے ہیں، ہم کام کرتے رہیں گے۔ پاناما انکشافات نے حکومت اور پی ٹی آئی میں کشیدگی کی آگ مزید بھڑکا دی ہے۔ قومی اسمبلی میں کپتان کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد بھی وزیراعظم کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں  جلسے سے خطاب کے دوران بھی پی ٹی آئی چیئرمین اور ان کے ’’نئے پاکستان‘‘ کے نعرے کو آڑے ہاتھوں لیا اور دعویٰ کیا کہ دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں خیبرپختونخوا بھی ان کے پاس نہیں رہے گا۔ وزیراعظم  نے پی ٹی آئی چیئرمین کو حال ہی میں پشاور کے ضمنی الیکشن میں ہونے والی شکست بھی یاد دلا دی۔ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمٰن کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن اور جمیعت علمائے اسلام ف مل کر ملک کی ترقی کے لئے کام کرے گی۔ وزیراعظم نوازشریف نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ لوڈشیڈنگ دو ہزار اٹھارہ میں ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے پچاس  کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی خان میں ایک زرعی یونیورسٹی بنے گی۔