Saturday, May 18, 2024

نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کچھ دیر بعد شروع ہو گی

نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کچھ دیر بعد شروع ہو گی
November 15, 2019
 لاہور (92 نیوز) شورٹی بانڈ کی حکومتی شرط پر نوازشریف کا نام ای سی ایل سے غیرمشروط نکالنے کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کچھ دیر بعد شروع ہو گی۔ وفاقی حکومت نے جواب جمع کرا دیا ہے۔ ادھر جاتی امرا میں نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے انتظامات شروع ہو گئے۔ عدالت سے فیصلہ حق میں آتے ہی فوری بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔ قطر میں ایئرایمبولینس انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق چوہدری عدالت میں پیش ہوئے تھے ۔ انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت کے معاملے پر وفاقی حکومت نے غور کیا۔ حکومت نے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت سات ارب کے ضمانتی مچلکوں سے مشروط کی۔ وکیل نوازشریف امجد پرویز نے کہا تھا دونوں عدالتوں نے باہر جانے کے لئے کوئی شرط نہیں رکھی۔ عدالتی فیصلے موجود ہیں کہ پلین بارگین کرنے والے ملزموں کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے۔ میاں نوازشریف شدید بیمار ہیں۔ ان کے پلیٹ لیٹس اچانک کم ہو جاتے ہیں۔ بیماری کی تشخیص کے لئے نوازشریف کا بیرون ملک جانا ضروری ہے۔ وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا میاں نوازشریف کو انسانی ہمدردی اور طبی بنیادوں پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔ میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔