Thursday, April 25, 2024

نوازشریف کا نام ای سی ایل سے غیرمشروط نکالنے کی درخواست پر آج سماعت ہو گی

نوازشریف کا نام ای سی ایل سے غیرمشروط نکالنے کی درخواست پر آج سماعت ہو گی
November 15, 2019
 لاہور (92 نیوز) شورٹی بانڈ کی حکومتی شرط پر نوازشریف کا نام ای سی ایل سے غیرمشروط نکالنے کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں آج سماعت ہو گی۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ گزشتہ روز نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سماعت کی تھی۔ اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق چودھری کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ دوران سماعت نوازشریف کے وکلا کی ٹیم نے نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے پر دلائل دیئے تھے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق چوہدری عدالت میں پیش ہوئے تھے ۔ انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت کے معاملے پر وفاقی حکومت نے غور کیا۔ حکومت نے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت سات ارب کے ضمانتی مچلکوں سے مشروط کی۔ وکیل نوازشریف امجد پرویز نے کہا تھا دونوں عدالتوں نے باہر جانے کے لئے کوئی شرط نہیں رکھی۔ عدالتی فیصلے موجود ہیں کہ پلین بارگین کرنے والے ملزموں کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے۔ میاں نوازشریف شدید بیمار ہیں۔ ان کے پلیٹ لیٹس اچانک کم ہو جاتے ہیں۔ بیماری کی تشخیص کے لئے نوازشریف کا بیرون ملک جانا ضروری ہے۔ وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا میاں نوازشریف کو انسانی ہمدردی اور طبی بنیادوں پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔ میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔