Thursday, April 18, 2024

نوازشریف کا نام آف شور کمپنیوں میں غلطی سے شامل ہوا: آئی سی آئی جے

نوازشریف کا نام آف شور کمپنیوں میں غلطی سے شامل ہوا: آئی سی آئی جے
April 27, 2016
لاہور (92نیوز) آف شور کمپنیوں میں نواز شریف کا نام غلطی سے شامل کیا۔ انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس نے غلطی تسلیم کر لی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ پاناما پیپرز میں جن کمپنیوں کی تفصیلات دی گئیں ان میں سے وزیراعظم نواز شریف کا نام خارج کر دیا ہے۔ ویب سائٹ پر جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ حسن نواز اور حسین نواز کے نام اکیس اپریل کو اپ ڈیٹ کر دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی آئی جے نے اپنی ویب سائٹ پر اپنی غلطی کی تصحیح کرلی ہے کہ آف شور کمپنیوںمیں نوازشریف کانام نہیں۔ انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس جس نے پاناما پیپرز میں آف شور کمپنیوں کی تفصیلات جاری کی تھیں‘ اس نے اپنی تمام خبروں میں سے وزیر اعظم نواز شریف کا نام خارج کر دیا ہے۔ آئی سی آئی جے کا پہلے کہناتھاکہ وزیر اعظم نواز شریف آف شور کمپنیاںچلاتے ہیں۔ آئی سی آئی جے نے اعلان کیا تھاکہ وزیر اعظم نواز شریف کا نام ان اعدادوشمار میں موجود ہے۔ ان خبروں میں کچھ اس طرح لکھا گیا تھا پاناما لیکس کی فائلز سے انکشاف ہوا ہے کہ آئس لینڈ اورپاکستان کے وزیراعظم، سعودی عرب کے بادشاہ اور آزربائیجان کے صدر کے بچے آف شور کمپنیا ں چلاتے ہیں۔ ان اعدادوشمار کے مطابق موجودہ اور سابق رہنماوں میں آئس لینڈ اور پاکستان کے وزرائے اعظم شامل ہیں تاہم اب آئی سی آئی جے نے وضاحت جاری کردی ہے کہ ایڈیٹنگ کی غلطی کے باعث خبر میں ایک جملہ غلط چلا گیا جس سے مراد تھی کہ پاکستان کے وزیر اعظم آف شور کمپنیاں چلاتے ہیں۔ یہ بات پاناما پیپرز فائلوں میں سامنے آئی تھی تاہم آف شو ر کمپنیاں ان کے بچے چلا تے ہیں۔ آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ نے وضاحت جاری کردی ہے کہ حسن اور حسین نواز شریف کے نام 21 اپریل 2016ءکو اپ ڈیٹ کیے گئے۔ یہ پیش رفت بظاہر ن لیگ کے رکن پارلیمنٹ دانیال عزیز کی جانب سے آئی سی آئی جے کو کی جانیوالی شکایت کے بعد سامنے آئی ہے۔