Monday, May 6, 2024

نوازشریف کا مظفرآبادسے میرپور تک موٹروے بنانے کا اعلان

نوازشریف کا مظفرآبادسے میرپور تک موٹروے بنانے کا اعلان
April 25, 2016
کوٹلی ستیاں (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ میرے دل میں بہت سی باتیں ہیں مگر صبروتحمل سے کام لوں گا۔ تین سال پہلے 20، 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ اب لوڈشیڈنگ بہت کم ہوچکی۔ وزیراعظم کوٹلی ستیاں میں بارش سے متاثرہ لوگوں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خطے کی تمام بڑی سڑکوں کی مرمت کرائیں گے۔ انہوں نے جلسہ گاہ میں موجود عوام سے پوچھا کہ اگر کہیں موٹروے یا کوئی سڑک بنانی ہو تو انہیں بتایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا علاج معالجے کی تمام سہولتیں کوٹلی ستیاں میں بھی ہونی چاہئیں۔ کوٹلی ستیاں اپنے بھائی بہنوں کی خبر پوچھنے آیا ہوں۔ پہلی بار 1990ءمیں کوٹلی ستیاں آیا تھا اور اب چھبیس سال بعد آپ کی خدمت میں دوبارہ حاضر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا میں تو یہاں صرف چیک تقسیم کرنے آیا تھا مگر یہاں جلسہ نظر آیا‘ یہ سب آپ کی محبت ہے اور میں بھی آپ سے محبت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں کسی کی کردارکشی کرنے نہیں آئے اور نہ ہی کسی کے خلاف غلط زبان استعمال کریں گے۔ نوازشریف نے ہدایت کی کہ مظفرآباد سے میرپور تک بہترین موٹروے بنائی جائے اور اس سڑک سے کوٹلی ستیاں کو ملایا جائے۔ موٹروے پر دریائے جہلم تک کئی پل بننے چاہئیں۔ انہوں نے کہا اس منصوبے پر سروے جاری ہے اور اس پر خطیر رقم خرچ ہو گی۔ رقم تو ہوتی ہی لوگوں پر خرچ کرنے کے لیے ہے۔ لوڈشیڈنگ خاصی کم ہو چکی‘ 2018ءتک بچی کچی لوڈشیدنگ بھی ختم کردی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا وہ وقت دور نہیں جب دہشت گردی مکمل طور پر ختم ہوجائے گی۔ کراچی میں سرمایہ کاری اور امن پیدا ہو گیا۔ اکا دکا حرکتیں بھی کراچی میں بند ہوجائیں گی۔ انہوں نے کوٹلی ستیاں میں بڑا ہسپتال بنانے کا اعلان بھی کیا۔