Saturday, April 20, 2024

نوازشریف کا ای سی ایل سے نام نکالنے پر وفاقی کابینہ تقسیم

نوازشریف کا ای سی ایل سے نام نکالنے پر وفاقی کابینہ تقسیم
November 11, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) نوازشریف کو باہر بھیجنا گھاٹے کا سودا ہو گا۔ ای سی ایل سے نام نکالنے پر وفاقی کابینہ تقسیم ہو گئی۔ فواد چودھری اور فیصل واوڈا نے تو کھلم کھلا اظہار بھی کرڈالا۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر پی ٹی آئی خود تقسیم کا شکار ہو گئی۔ وفاقی کابینہ کے ارکان کی اکثریت نے نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کردی۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے نواز شریف کو باہر بھیجنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا۔نواز لیگ کو بحیثیت جماعت عوام سے معافی مانگنی  چاہیے ۔لوگ پوچھتے ہیں کہ نواز شریف ایک روپیہ بھی دئیے بغیر باہر جا رہے ہیں۔۔ فیصل واوڈا نےطنز کرتے ہوئے لکھا۔ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اُس کی بدولت ابو،چچااور پھر وہاں جا رہے ہیں۔جہاں اشتہاری رشتے دار اور لوٹی ہوئی دولت ہے۔ گورنرپنجاب چودھری سرور بھی لا علم نکلے۔ نواشریف کا نام آج ہی ای سی ایل سے نکلنے کا دعویٰ کیا مگر حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کل منگل کو اجلاس طلب کرنے کے اعلان سے یہ دعویٰ بھی اپنی موت آپ مر گیا۔ پی ٹی آئی کے وزرا نوازشریف کی صحت کی سنگینی کا اعتراف بھی کر رہے اور ساتھ ہی نوازشریف کو باہر بھیجنے کے فیصلے سے پارٹی کو سیاسی نقصان پہنچنے کی باتیں بھی کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کی اکثریت اس بات پر متفق ہے کہ ای سی ایل سے نواز شریف کا نام نکالنے سے پی ٹی آئی کو سیاسی نقصان ہوگا۔ رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کا الزام حکومت اپنے سر نہ لینا ہی بہتر ہے۔ کابینہ ارکان کو یہ بھی خدشہ ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلنے کے بعد مریم نواز کو باہر جانے کی اجازت دینے کا چیلنج بھی درپیش ہو گا۔