Saturday, May 18, 2024

نوازشریف پاناما کیس میں بچ نہیں سکیں گے: عمران خان

نوازشریف پاناما کیس میں بچ نہیں سکیں گے: عمران خان
January 22, 2017

کھڈیاں خاص (92نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا اور اب کہتے ہیں کہ اُنہیں استشنیٰ حاصل ہے جبکہ مغرب میں کسی سرکاری عہدیدار پر دھبہ لگ جائے تو وہ استعفیٰ دے دیتا ہے۔ پاناما میں عدالت جو بھی فیصلہ کرے لیکن یہ طے ہے کہ پاکستان بدل رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سونامی کی لہریں قصور سے ٹکرا گئیں۔ کپتان نے دھواں دھار خطاب میں اپنی توپوں کا رخ وزیراعظم نوازشریف کی طرف کئے رکھا بولے کہ وزیراعظم پاناما کیس میں نہیں بچ سکیں گے۔ عمران خان نے وزیراعظم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا اور اب استشنی کی بات کرتے ہیں۔

وزیراعظم اسمبلی میں آئیں پھروہ بھی اسمبلی جائیں گے، تب پتا چلے گا جمہوریت کیا ہوتی ہے۔ کھلاڑیوں کے کپتان عمران خان نے نوازشریف کو اسمبلی میں مناظرے کا چیلنج بھی کر دیا۔ عمران خان نے انتہائی جوشیلے انداز میں کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ جو بھی آئے ایک بات طے کہ ملک تبدیل ہو رہا ہے۔ آنے والے ہفتے میں بڑے بڑے انکشافات ہوں گے۔

کپتان نے وزیراعظم کو کرپشن کا بادشاہ قرار دیتے ہوئے کہا خود بات کریں۔ اس موٹو گینگ کو سامنے مت لائیں۔ ن لیگ نے پینتیس سال تک حکومت کی لیکن اسپتالوں کی حالت بہتر نہ ہو سکی۔ قصور کی زہرا بی بی نے اسپتال کے فرش جان دے دی۔ عمران خان نے آئندہ تحریک انصاف کی حکومت کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ نیب سمیت تمام اداروں کو درست کر دیں گے۔