Saturday, April 27, 2024

نوازشریف نے مشترکہ ٹی او آرز اور اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دیدی

نوازشریف نے مشترکہ ٹی او آرز اور اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دیدی
May 6, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) حکومت نے بالاآخر اپوزیشن کے سامنے گھٹنے ٹیک ہی دئیے۔ وزیراعظم نوازشریف نے مشترکہ ٹی او آرز اور اپوزیشن سے مذاکرات کے لئے اعلی سطحی کمیٹی قائم کر دی۔ پانامہ لیکس اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوا لے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کے ٹی او آرز اور  مذاکرات کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر ریلوے سعد رفیق، وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکانالوجی انوشہ رحمان اور مشیر قانون بیرسٹر ظفر اللہ شامل ہیں جبکہ وزیر قانون زاہد حامد اور اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کمیٹی کو قانونی نکات پر رہنمائی فراہم کریں گے۔ ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ  کی جانب سے بھیجے گئے خط اور ٹی او آرز کمیٹی  کو فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ کمیٹی اپوزیشن کے ٹی او آرز کا جائزہ لے کر پیر کو اپوزیشن رہنماؤں سے رابطہ کرے گی۔ کمیٹی اپوزیشن کے ساتھ مل کر کمیشن کے ٹی او آرز تشکیل دے گی۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے بھی ٹی او آرز کے معاملے پر پیر کو مشترکہ اجلاس طلب کر رکھا ہے کیونکہ سینٹ اور قومی اسمبلی کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن پانامہ لیکس کا معاملہ بھی اٹھا ئے گی۔