Thursday, May 9, 2024

نوازشریف نے فضل الرحمٰن کے مارچ میں شرکت کی ہدایت دے دی ، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر

نوازشریف نے فضل الرحمٰن کے مارچ میں شرکت کی ہدایت دے دی ، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر
October 10, 2019
لاہور (92 نیوز) کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے جیل میں قید نوازشریف سے ملاقات کے بعد بڑا بیان دیتے ہوئے کہا نوازشریف نے فضل الرحمٰن کے مارچ میں شرکت کی ہدایت دے دی۔ العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف سے کوٹ لکھپت میں آج ملاقاتوں کا دن رہا۔ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نواز شریف سے ملاقات کیلئے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت پہنچے۔ نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم، جنید صفدر ،دیگر اہل خانہ اور ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان بھی ملنے پہنچے۔ نوازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ میں بھرپور طور پر شرکت کرنے کی ہدایت کر دی ۔ جس جس کے دل میں پاکستان کے لئے پیار ہے وہ مارچ میں شریک ہو گا۔ انہون نے کہا مولانا امامت کرائیں گے، وہ تکبیر پڑھیں گے اور پیچھے پوری قوم ہو گی۔ یہ دھرنا نہیں آزادی مارچ ہے جس سے بہت کچھ چلا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے مولانا فضل الرحمٰن کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان کا بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کمر درد میں شدت کی وجہ سے نوازشریف سے ملاقات کرنے نہ گئے۔