Friday, April 19, 2024

نوازشریف نے بناتحقیق ایک ادارے پر الزام تراشی شروع کر دی ، شاہ محمود قریشی

نوازشریف نے بناتحقیق ایک ادارے پر الزام تراشی شروع کر دی ، شاہ محمود قریشی
July 1, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے بغیر کسی تحقیق کے ایک ادارے کے خلاف الزام تراشی شروع کر دی ہے ۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم بھارت کی زبان بول رہے ہیں ، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دونوں ناکام جماعتیں ہیں ، پہلے ہمیں لوڈ شیڈنگ کے بحران کا سامنا تھا اب پانی کا بحران بھی پیدا ہو گیا ہے ۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا بیانیہ بھارت کے بیانیہ سے ملتا ہے، ن لیگ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے نگراں حکومت کو دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دونوں جماعتیں ناکام ہو چکیں، لیاری میں بلاول بھٹو کی ریلی پر پتھراؤ قابل مذمت ہے ۔ ملتان میں راجن بخش گیلانی کی مسلم لیگ ن سے طویل رفاقت چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملتان کی نامور سیاسی اور مذہبی شخصیات کو پاکستان تحریک انصاف میں ویلکم کرتے ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ رانا اقبال سراج کے معاملے پر نواز شریف کا بیان سمجھ سے بالا تر ہے، نواز شریف اداروں کی بے حرمتی کر رہے ہیں جبکہ رانا سراج اقبال نے اس بات کی تردید کی ہے ۔ یوسی 48 میں مسلم لیگ ن کے وائس چئیر مین ممتاز حسین بھٹہ کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں مزید وکٹیں گرنے کا امکان ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ نا اہل ہوئے ہیں وہ کسی قانون اور ضابطے کے تحت ہوئے ہیں ۔