Tuesday, April 23, 2024

نوازشریف نے 1994 میں بھی فوج کو بدنام کرنے کی سازش کی،عمران خان

نوازشریف نے 1994 میں بھی فوج کو بدنام کرنے کی سازش کی،عمران خان
May 19, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ نواز شریف نے 1994 میں بھی فوج کو بدنام کرنے کی سازش کی تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لگتا ہے ایسا کرنا سابق وزیر اعظم کی عادت بن گئی ہے ، عمران خان بت امریکی اخبار کی خبرکا بھی حوالہ دیا ور کہا نوازشریف جب بھی اقتدار سے باہر ہوں،فوج کے خلاف باتیں کرتے ہیں ۔ کپتان نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ 12ستمبر 1994 کو امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو دیئے گئے  نواز شریف کے انٹرویو کا حوالہ بھی دیا  ہے  ،نواز شریف کا یہ انٹرویو فوج کو بدنام کرنے کی پوری داستان سناتا ہے  ۔نواز شریف نے کہا کہ نومبر 1990 میں اُس وقت کے آرمی چیف جنرل اسلم بیگ اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل اسد درانی نے  اُنہیں کہا فوج کو اپنے آپریشنز کے لئے پیسوں کی ضرورت ہے اور وہ اس ضرورت کو  ڈرگ ڈیلز کے ذریعے پورا کرنا چاہتے ہیں ۔ صرف یہی  نہیں بلکہ نواز شریف نے اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ  جنرل اسد درانی نے کہا سب کاغذات تیار ہیں صرف ان کی منظوری کا انتظار ہے  ، تاہم میں نے چند دن بعد جنرل اسلم بیگ کو بلایا اور اُنہیں ایسا کرنے سے منع کردیا ۔ جبکہ دوسری طرف 1991 میں ریٹائر ہونے والے جنرل اسلم بیگ نے نواز شریف کے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کیا اور کہا کہ فوج  نے کبھی بھی کسی بھی اسٹیج پر  اتنی غیر ذمہ دار ی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔ کپتان نے نواز شریف کے اسی انٹرویو کا حوالہ اپنی ٹویٹ میں دیا ہے  ،یہ انٹرویو طویل وقت تک قومی اور بین الاقوامی سطح پر زیر بحث رہا ۔