Sunday, September 8, 2024

نوازشریف میں خارجہ پالیسی چلانے کیلئے جرات اور دانشمندی نہیں : بلاول

نوازشریف میں خارجہ پالیسی چلانے کیلئے جرات اور دانشمندی نہیں : بلاول
July 16, 2016
مظفرآباد (92نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ ان جماعتوں سے ہے جن کی کوئی کشمیر پالیسی ہی نہیں ہے۔ نواز شریف کی کشمیر پالیسی تو دور کی بات کوئی خارجہ پالیسی بھی نہیں ہے۔ ان میں جرات اور دانشمندی نہیں کہ وہ خارجہ پالیسی چلا سکیں۔ خارجہ پالیسی جتنی پستی کی آج شکار ہے اتنی کبھی نہیں تھی۔ تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو وفاقی حکومت پر خوب گرجے اور برسے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نوازشریف کی خارجہ پالیسی میں مودی دوستی زیادہ اہمیت رکھتی ہے‘ ان میں جرات اور دانش مندی نہیں کہ خارجہ پالیسی چلا سکیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاناما لیکس کی بات ہوئی تو ن لیگ نے شور مچانا شروع کر دیا۔ میاں صاحب بتائیں کہ حساب کب دیں گے ؟ بلاول کا کہنا تھا کہ نواز حکومت کی معاشی پالیسیاں بھی امیروں کے لیے ہیں۔ غریبوں کو تو کہا جاتا ہے کہ دال مہنگی ہے تو مرغی کھا لو۔ پیپلزپارٹی کے سربراہ نے واضح کیا کہ کرپشن کا دوردورہ ہے۔ چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی، کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دیے گئے ہیں۔ حکمران قوم کو سالانہ چالیس ارب کا ٹیکہ لگا رہے ہیں۔