Sunday, May 5, 2024

نوازشریف مودی کی زبان بول رہے ہیں،عمران خان

نوازشریف مودی کی زبان بول رہے ہیں،عمران خان
May 13, 2018
کراچی ( 92 نیوز)تحریک انصاف نے کراچی میں ایک اور شاندار جلسہ کر کے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر دیا ، جلسے سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ،شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید و دیگر نے خطاب کیا۔ عمران خان نے شہر قائد کے تمام مسائل حل کرنے کیلئے دس نکاتی ایجنڈا  پیش کر دیا ، عمران خان نے کہا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ حل کریں گے ، کراچی میں مافیا بیٹھا ہے مگر ہم کراچی کا ایڈمنسٹریشن نظام بدلیں گے اور ایسے شخص کو لائیں گے جو ایڈمنسٹریشن جانتا ہو، کپتان نے کہا کہ  مئیر کراچی کہتا ہے کہ میرے پاس اتھارٹی ، کراچی تب ٹھیک ہو گا جب میئر تگڑا ہو گیا ، وہ کراچی کا مکمل پلان بنائے گا ۔ عمران خان نے دوسرے نکتے میں کراچی میں تعلیمی اصلاحات سے متعلق کہا کہ شہر میں سرکاری اسکولوں  کا برا حال ہے ، اسے ٹھیک کریں گے  اور عالمی سطح کی یونیورسٹیاں بنائیں گے ۔ تیسرے نکتے میں کھلاڑیوں کے کپتان نے صحت اور اسپتالوں کی صورتحال بہتر بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں اسپتالوں کا ایڈمنسٹریشن نظام ٹھیک کرنے کی کوشش کی ہے ۔ عمران خان نے اپنا چوتھا نکتہ بیان کرتے ہوئے   کراچی پولیس کو آڑھے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ لا اینڈ آرڈر کا ہے ،  ہم کراچی کی پولیس کو ٹھیک کریں گے، راؤ انوار جیسے پولیس آفیسرز نے 440 قتل کئے اور زرداری اس کی تعریف کر رہا ہے ۔ راؤ انوار کو قتل کرنے کا آرڈر کس نے دیا تھا ۔ عمران خان نے پانچویں نکتے میں  کراچی میں کاروبار اور انڈسٹری کے فروغ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کاروبار اور انڈسٹری والوں کی مدد کریں گے ، کاروبار کے لیے ایسے اقدامات کریں گے جس سے انڈسٹری کو فائدہ ہو  اور ایسا ماحول پیدا کریں گے کہ لوگوں کے لیے کاروبار کرنا آسان ہو ۔ ہم بزنس کیلئے وہ ماحول پیدا کریں گے کہ دنیا سے مقابلہ کر سکیں، کراچی میں انڈسٹریل زونز کو بہتر کریں گے تاکہ بزنس کرنا آسان ہو۔ چھٹے نکتے میں چیئرمین تحریک انصاف نے عوام کے دیرینہ مسئلے لوڈ شیڈنگ کا ذکر کیا اور کہا کہ کراچی والوں کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ بڑا مسئلہ مگر ہم بجلی کا نظام بہتر بنا کر سستی بجلی دلوائیں گے اور بجلی چوری کو ختم کریں گے ، کے الیکٹرک کی ذمہ داری حکومت لے گی۔ عمران خان نے ساتویں نکتے میں نوجوانوں کیلئے پارک اور گراؤنڈ بنانے کا اعلان کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کیلئے کھیل کے میدان اور پارک بنائیں گے ، اتنا بڑا کراچی ہے مگر نوجوانوں کیلئے کھیل کے میدان موجود نہیں ہیں ۔ آٹھویں نکتے میں عمران خان نے کراچی کے ماحولیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کے پی میں ایک ارب درخت لگائے ہیں ، ہم کراچی سمیت سارے پاکستان کو ہرا کریں گے ، شہروں میں پوری پلاننگ کیساتھ درخت لگائیں گے ۔ عمران خان نے کراچی کی سرکلر ریلوے کو نویں نکتے پر رکھتے ہوئے کہا کہ سرکلر ریلوے کا نظام ٹھیک کرنے سے شہر کی ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا ۔ دسویں نکتے میں عمران خان نے بے روزگاری پر قابو پانے کیلئے حل پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں سکلز سینٹر بنا کر نوجوانوں کو ہنر مند بنائیں گے جب کہ ذاتی کاروبار کیلئے قرضہ بھی دیا جائے گا۔