Sunday, May 19, 2024

نوازشریف ،مریم نواز ، کیپٹن صفدر کی سزاوں کی معطلی کی درخواست پر جواب طلب

نوازشریف ،مریم نواز ، کیپٹن صفدر کی سزاوں کی معطلی کی درخواست پر جواب طلب
July 17, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزاوں کی معطلی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی  سزاؤں کی معطلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل میں کہا کہ استغاثہ نے لندن فلیٹس کی اصل مالیت نہیں بتائی ،عدالت نے اصل مالیت جانے بغیر لندن فلیٹس کو آمدن سے زائد اثاثہ قرار دیا ۔ فیصلہ پڑھیں اس میں کہیں نواز شریف کی ملکیت کا ذکر نہیں ۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کچھ ٹی وی انٹرویوز کا فیصلے میں حوالہ دیا گیا ہے ۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل میں کہا کہ  فیصلے میں کیلبری فونٹ کو جعلی قرار دیا گیا جبکہ رابرٹ ریڈلے نے خود مانا تھا کہ کیلبری فونٹ دوہزار چھ سے پہلے دستیاب تھا۔ انٹرویو کی سی ڈیز عدالت میں پیش کی گئی تھیں ۔ انٹرویوز کو عدالت میں پوری طرح سنا نہیں گیا۔ عدالت نے نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے اپیلوں کی سماعت بھی جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریفرنسز کی منتقل کی درخواست پر فیصلے تک احتساب عدالت کی کارروائی روکنے سے متعلق نوازشریف کی استدعا بھی مسترد کردی۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ اپیلوں کی سماعت کے دوران وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی، کمرہ عدالت کچھا کھچ بھر ہواتھا ۔