Monday, September 16, 2024

نوازشریف، مریم نواز ، کیپٹن صفدر کی حاضری سے استشنیٰ کی درخواست مسترد

نوازشریف، مریم نواز ، کیپٹن صفدر کی حاضری سے استشنیٰ کی درخواست مسترد
February 15, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی حاضری سے استثنیٰ  کی درخواست مسترد کر دی  ۔ حتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کےخلاف لندن فلیٹس سے متعلق ضمنی ریفرنس کی سماعت کی ۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر پیش ہوئے ۔ دوران سماعت نیب نے العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ کے ضمنی ریفرنسز کی کاپیاں جمع کرائیں ۔  فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس کے 6 اور العزیزیہ سٹیل ملز کے 3 والیم نوازشریف کے حوالے بھی کئے گئے ۔
ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ کی دستاویز کے مطابق 4 ملین کی ادائیگیاں حسین نواز کے لاہور کے بینک اکاونٹ اور51 ملین کی ادائیگی کی رقم 2010 سے 2015 کے دوران محمد حنیف خان کے لاہور کے بینک اکاونٹ میں جمع کرائی گئی،  172 ملین کی رقم انجم اقبال کے لاہور کے بینک اکاونٹ میں 2013 سے 2017 میں جمع کرائی گئی، ادائیگیوں کی  36  ملین کی رقم 2016 میں عبدالرزاق کے لاہور کے بینک اکاونٹ جبکہ 11 ملین کی رقم محمد انیس کے لاہور کے بینک اکاونٹ میں جمع  ہوئی ۔ 52460 امریکی ڈالرز کی رقم خواجہ ہارون پاشا کے لاہور کے امریکی کرنسی بینک اکاونٹ میں 2014 میں جمع کرائی گئی۔

سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے ضمنی ریفرنسز پر بحث کےلئے عدالت سے مہلت مانگ لی ۔ وزارت اطلاعات کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ توقیر شاہ نے حسن نواز کے بی بی سی کو انٹرویو کی سی ڈی عدالت میں جمع کرائی جسے کمرہ عدالت میں چلایا بھی گیا۔

توقیر شاہ کے ساتھ ساتھ استغاثہ کے دیگر گواہوں وقاص احمد ،سلطان نذیراور مبشرتوقیر نے بھی اپنے اپنے بیانات قلمبند کرائے ۔ شر یف خاندان کے وکلاءنے چاروں گواہوں پر جرح بھی کی۔  کیس کی سماعت 22فروری تک ملتوی کردی۔