Friday, April 19, 2024

نوازشریف فساد برپا کرنا چاہتے ہیں ،عمران خان

نوازشریف فساد برپا کرنا چاہتے ہیں ،عمران خان
November 20, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین تحریک انصاف کی زیر سر براہی پی ٹی آئی کے کور گروپ کے اجلاس میں بڑے فیصلے کئے گئے ۔ نوازشریف کی عدلیہ مخالف تقاریر کی جوابی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ۔ اجلاس میں دھرنے والوں کےخلاف ممکنہ آپریشن کی مخالف بھی کی گئی ۔ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے کور گروپ کا ہنگامی اجلاس بنی گالہ میں ہوا۔۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں نوازشریف کی اداروں پر تنقید پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس حوالے سے جوابی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ۔ عمران خان سابق وزیراعظم کو جلسوں میں بھرپور جواب دیں گے ۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے ختم نبوتؐ حلف نامے میں ردوبدل کے ذمہ داروں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنے کے شرکاءکےخلاف ممکنہ آپریشن کی مخالفت کردی ۔ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں ملک کو درپیش داخلی وخارجی خطرات ، ۔معاشی و سیاسی بحران اور آئندہ انتخابات سمیت پارٹی امور پربھی غور ہوا۔
اجلاس سے قبل عمران خان سے شیخ رشید نے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے حافظ آباد اور مانسہرہ جلسوں میں شرکت کی دعوت بھی قبول کرلی۔
دوسری جانب اپنے پیغام میں عمران خان نے کہاہے کہ نوازشریف کا یہ دعویٰ کہ عوام ان کا احتساب کرینگے قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہے۔ وہ آئین سے روگردانی اور فساد برپا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ عدلیہ اور آئین پر حملوں سے ثابت ہے کہ نوازشریف کے پاس اپنے جرائم کے دفاع میں کہنے کیلئے کچھ نہیں ۔ نواز شریف مافیا ہر قیمت پر بیرون ملک چھپائے تین سو ارب بچانا چاہتا ہے۔