Thursday, April 25, 2024

نوازشریف سے معافی مانگی نہ ہی انہیں کلین چٹ دی : آئی سی آئی جے

نوازشریف سے معافی مانگی نہ ہی انہیں کلین چٹ دی : آئی سی آئی جے
April 28, 2016
لاہور (92نیوز) تحقیقاتی صحافت کی عالمی تنظیم آئی سی آئی جے نے اپنی ویب سائٹ سے وزیراعظم نواز شریف کا نام اور تصویر ہٹانے اور معافی مانگے جانے کی تردید کر دی۔ ایڈیٹرجیرالڈ ریل کا کہنا ہے پاکستان کے وزیراعظم کا نام ان کے بچوں کے حوالے سے اب بھی موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کے انکشافات نے پاکستانی سیاست میں ہنگامہ برپا کردیا ہے۔ حکومت پاکستان کے بیان کے بعد انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹیو جرنلسٹس کے آن لائن ایڈیٹر بھی میدان میں کود پڑے۔ ایڈیٹر جیرالڈ ریل کا کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی تصویر ویب سائٹ سے ہٹائی گئی نہ ہی انہیں کلین چٹ دی گئی ہے۔ ایڈیٹر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو واضح طور پر بتا دیا گیا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کا نام ان کے بچوں کے حوالے سے شامل تھا اور ہے۔ پاکستانی اخبار میں چھپنے والی خبر انتہائی بے بنیاد ہے۔ انہوں نے خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی آئی جے نے کسی سے معافی نہیں مانگی۔ حکومت پاکستان کی طرف سے بدھ کو ایک بیان سامنے آیا تھا جس کے مطابق آئی سی آئی جے نے اپنی ویب سائٹ پر وزیراعظم نواز شریف سے متعلق غلطی کی تصحیح کر لی ہے اور ان کانام اور تصویر ویب سائٹ سے ہٹا لی گئی ہے۔