Wednesday, April 24, 2024

نوازشریف سے اہلخانہ و پارٹی رہنماؤں کی ملاقات،عوامی رابطہ مہم تیز کرنیکی ہدایت ‏

نوازشریف سے اہلخانہ و پارٹی رہنماؤں کی ملاقات،عوامی رابطہ مہم تیز کرنیکی ہدایت ‏
May 16, 2019
لاہور ( 92 نیوز) نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں پارٹی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، نواز شریف نے معیشت کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتےہوئے رہنماؤں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کا دن ہے ، مریم نواز ، حمزہ شہباز شریف  اور شریف فیملی کے دیگر افراد نوازشریف سے ملاقات کے لئے پہنچے۔ مسلم لیگ ن کے سینئررہنما خواجہ آصف ، سیکرٹری جنرل احسن اقبال،طلال چودھری ، پرویز رشید  اور رانا مشہود سمیت  متعدد پارٹی رہنما کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے ملے۔ ملاقاتوں کے دوران بات چیت میں نوازشریف نے معیشت کی بگڑتی صورتحال،ڈالرکی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہارکیا۔ ان کا کہنا تھا کہ  آئی ایم ایف پیکیج کے بعد ڈالر کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونا چاہئے تھا۔

نواز شریف باہر جانا چاہتے ہیں تو پیسے واپس کریں ، فواد چودھری

نواز شریف نے  پارٹی رہنماؤں کو عوام رابطہ مہم تیز کرنےاوریونین کونسل سطح پر تنظیم سازی کی بھی ہدایت کی ، ذرائع کے مطابق عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں احسن اقبال کو ذمہ داری سونپ دی گئی۔ پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو ملکی صورتحال پر بریفنگ دی اور ان کی صحت سے متعلق دریافت کرتے رہے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ الحمدللہ ٹھیک ہوں اور روزے اچھے جارہے ہیں،مزید کہا کہ  مہنگائی سے عوام پریشان ہیں اور ہمیں عوام کی آواز بننا ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں مسلم لیگ ن کے سینئررہنما پرویزرشیدنے کہا کہ ورکرز کی رائے ہے کہ مسلم لیگ ن کوباہرنکلناچاہئے۔ مسلم لیگ ن کے  کارکنوں نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر عمران خان کےلئے پودے لگائے،مرزاجاویدنے کہا جب عمران خان کوٹ لکھپت جیل آئیں گےتو ان کے کارکن اس درخت کے سائے میں بیٹھیں گے۔