Sunday, May 5, 2024

نوازشریف دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن گئے

نوازشریف دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن گئے
May 13, 2018
(92 نیوز)  نا اہل قرار دیئے جانے والے سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن گئے۔ ممبئی حملوں کے حوالےسےان کے انٹرویو کو بھارت سمیت کئی ممالک کی میڈیا آرگنائزیشن نے بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔ ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان دے کر میاں صاحب نے پاکستان دشمن بھارتی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی تو دشمنان پاکستان نے ان کے بیان کو ہاتھوں ہاتھ لیا اور قومی سلامتی کے اداروں پر جی بھر کر زہر افشانی کی۔ صرف بھارتی ٹی وی چینلز ہی نہیں اخبارات اور ویب سائٹس نے بھی نواز شریف کے بیان پر قومی سلامتی کے اداروں پر جی بھر کر کیچڑ اچھالا۔ ٹائم آف انڈیا نے لکھا نواز شریف مان گئے کہ ممبئی حملوں میں پاکستان کا کردار ہے۔ ہندوستان ٹائمز نے میاں صاحب کا بیان یوں لکھا کہ نوازشریف نے تسلیم کر لیا کہ ممبئی حملے پاکستانی دہشت گردوں نے کئے۔ انڈین ایکسپریس لکھتا ہے کہ نواز شریف کہتے ہیں پاکستان میں دہشت گرد سرگرم ہیں، کیا انہیں ممبئی میں لوگوں کے قتل کی اجازت دیدیں؟ ری پبلک نامی بھارتی ویب سائٹ نے ان کی بات یوں بیان کی کہ نواز شریف نے اعتراف کر لیا کہ پاکستان نے چھبیس گیارہ کے حملوں کیلئے دہشت گرد ممبئی بھیجے۔ خلیج ٹائمز نے سرخی جمائی کہ نواز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ ممبئی حملے پاکستان سے تعلق رکھنے والےعسکریت پسندوں نے کئے۔ پراپیگنڈا کے سہارے چلنے والا بھارتی میڈیا کئی سالوں کی انتھک کوششوں کے باوجود بھی جو کام نہ کرسکا وہ سالہا سال تک وطن عزیز پر حکمرانی کرنے والے نواز شریف نے اپنے چند جملوں میں کر دیا۔