Sunday, May 5, 2024

نوازشریف جمہوریت کیخلاف ہر سازش میں شریک رہے ، بلاول بھٹو

نوازشریف جمہوریت کیخلاف ہر سازش میں شریک رہے ، بلاول بھٹو
November 15, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف خود جمہوریت کیخلاف ہر سازش میں شریک رہے ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان سابق وزیراعظم کے دفاع میں بہت آگے جارہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی،ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کیسز میں فرق نہیں ہوناچاہیے ۔ مردم شماری کے نتائج ن لیگ نے متنازعہ بنائے ہیں ۔
معروف دانشور منو بھائی کے گھران کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف 30 سالہ سیاسی سفر میں جمہوریت کے خلاف سازشوں کا حصہ رہے ہیں ۔ جمہوریت کی بات کرنے والوں کو پنجاب میں بھی جمہوریت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نواز لیگ کی حمایت میں بہت دور جاچکے ہیں ۔ مولانا صاحب نواز لیگ کی بجائے اپنی جماعت کا دفاع کریں ۔ ہمارے دو سابق وزرائے اعظم کے نام ای سی ایل میں رہے ہیں ہم احتساب کے لیےاب بھی تیار ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ چاہے پیپلزپارٹی ہو ، مسلم لیگ ن یا تحریک انصاف سب کے لئے قانون کا ایک پیمانہ ہونا چاہیے ۔ شرجیل میمن، نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کے نیب کیسز میں فرق کیا جارہا ہے ۔
بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہہ مردم شماری کو ن لیگ نے متنازعہ بنایا ،کراچی سے لیکر فاٹا تک لوگ مردم شماری پر اعتراض کر رہے ہیں۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں نواز شریف سے ملاقات کا امکان نہیں کچھ انکلز نے مجھے چھوڑا ہے لیکن جیالے مجھے نہیں چھوڑتے میں جیالوں کے ساتھ خوش رہتا ہوں ۔