Monday, May 13, 2024

نوازشریف بیرون ملک اڑان بھرنے کو تیار، علاج کیلئے کل لندن روانگی کا امکان

نوازشریف بیرون ملک اڑان بھرنے کو تیار، علاج کیلئے کل لندن روانگی کا امکان
November 17, 2019
 لاہور (92 نیوز) نوازشریف بیرون ملک اڑان بھرنے کو تیار ہیں۔ علاج کیلئے کل لندن روانگی کا امکان ہے۔ برطانیہ منتقلی کیلئے حسین اور حسن نواز نے قطر ایئرویز کو ایئر ایمبولینس لاہور بھیجنے کیلئے کہہ دیا۔ لندن میں نواز شریف کے علاج کے انتظامات جاری ہیں۔ دو تین روز قیام کے بعد نوازشریف کو امریکا منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہباز شریف ایئر ایمبولینس پر نواز شریف کے ہمراہ لندن جائیں گے۔ بڑے بھائی کے ساتھ بیرون ملک قیام کا عندیہ دے دیا۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ 48 گھنٹوں میں روانہ ہوں گے۔ ڈاکٹرز نے لندن کےعلاوہ کسی اور ملک علاج کا مشورہ دیا تو ضرور جائیں گے ۔ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالتے ہوئے انہیں علاج کیلئے چارہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی جس میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق شہباز شریف اور نوازشریف نے انڈر ٹیکنگ دی ہے جو قبول کرلی گئی۔ جسٹس علی باقر نجفی کا کہنا تھا اگر انڈرٹیکنگ پر عمل نہ ہو تو توہین عدالت کی کارروائی ہو سکتی ہے۔ عدالت نےای سی ایل سے نام نکالنے کا چار صفحات کا تحریری حکمنامہ بھی جاری کر دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز نےتحریری فیصلے کی کاپی حاصل کر لی۔ عدالتی فیصلے کے مطابق اگر اس دوران نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ہوتی تو چار ہفتوں کی مدت میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلےمیں لکھا شہبازشریف اور نوازشریف نے انڈر ٹیکنگ دی ہے اس لیے نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔