Monday, May 6, 2024

نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے دو ہیلی کاپٹر نیب کے حوالے ،ذرائع

نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے دو ہیلی کاپٹر نیب کے حوالے ،ذرائع
July 12, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو ائیرپورٹ سے گرفتار کرنے کیلئے وفاقی کابینہ نے دو ہیلی کاپٹر نیب کے حوالے کر دیئے ۔ ذرائع کے مطابق ایک ہیلی  کاپٹر  لاہور اور دوسرا اسلام آباد  ائیرپورٹ پر موجود ہو گا، نواز شریف جہاز سے باہر نہ آئے تو طیارہ ہائی جیک کا مقدمہ بن سکتا ہے ۔ سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی  ن لیگ استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہیں تو دوسری جانب نیب ٹیم مجرموں کو گرفتار کرنے کے لئے متحرک ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیش گوئی کے بعد طیارے کا رخ لاہور کے بجائے کسی اور شہر کی طرف موڑا جا سکتا ہے جبکہ نیب ٹیم نے نوازشریف اور مریم نواز کو ایئرپورٹ ہی سے گرفتار کرنے کی تیاری کرلی ، وفاقی کابینہ نے مجرموں کو جیل تک پہنچانے کیلئے نیب کو دو ہیلی کاپٹرز بھی فراہم کردیئے ہیں، ایک ہیلی کاپٹر لاہورایئرپورٹ جبکہ دوسرا اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے اپنی والدہ اور اہم لیگی کارکنوں کے آنے تک طیارے سے نہ اترنے کی منصوبہ بندی بھی کر لی جبکہ ان کے ساتھی کوشش کرینگے کہ طیارے سے گرفتار نہ کیا جا سکے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے سے باہر نہ آنے اور مزاحمت کرنے پر نوازشریف، مریم نواز اور کارکنوں کےخلاف کارسرکار میں مداخلت اور طیارہ ہائی جیکنگ کا مقدمہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے بھی نوازشریف کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے قانون کے مطابق عمل کیا جائے گا، گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔