Saturday, April 20, 2024

نوازشریف اور مریم نواز کو جیل قوانین کے مطابق رہائش فراہم

نوازشریف اور مریم نواز کو جیل قوانین کے مطابق رہائش فراہم
July 14, 2018
راولپنڈی (92 نیوز) سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو جیل قوانین کے مطابق رہائش فراہم کردی گئی۔ دونوں نے قیدیوں والے کپڑے بھی پہن لئے۔ ذرائع کے مطابق باپ بیٹی بامشقت سزا کاٹیں گے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کو ملنے والے کمرے میں سابق وفاقی وزیر حامد رضا کاظمی بھی قید رہے۔ ذرائع نے کہا کہ مریم نواز کو جیل میں کڑھائی اسکول کے ساتھ  کمرے میں شفٹ کیا گیا ہے۔ نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بی کلاس میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔ مجرم نواز شریف کو نیب کی جانب سے وطن واپسی پر لاہور سے اسلام آباد ائیر پورٹ منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں اڈیالا جیل منتقل کر دیا گیا ۔ مجرم نواز شریف 10 سال قید بامشقت اڈیالا جیل میں اپنی سزا کاٹیں گے جہاں مزید دو کسیز العزیزیہ اور ہل میٹن ریفرنس کی سماعت کی جائے گی۔ مجرم نواز شریف کی گرفتاری پر عوام نے کہا نواز شریف کے ساتھ دوسرے کرپٹ سیاستدانوں کا بھی احتساب کر کے انہیں انجام تک پہنچایا جائے۔ شہریوں نے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار سے اپیل کی کہ عوام کی لوٹی ہوئی دولت کو ملک میں واپس لایا جائے اور اس دولت کو ڈیمز اورعوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں پر لگایا جائے۔ شہریوں نے کہا کہ احتساب کا دائرہ کار وسیع کر کہ باقی کے کرپٹ عناصر کو بھی ان کے انجام تک پہنچایا جائے۔