Sunday, September 8, 2024

نوازشریف اور ان کے صاحبزادوں نے نیب کو لال جھنڈی کرادی

نوازشریف اور ان کے صاحبزادوں نے نیب کو لال جھنڈی کرادی
August 18, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) پہلا ریفرنس۔ پہلا انکار ۔ نوازشریف اور ان کے صاحبزادوں نے نیب کو لال جھنڈی کرادی۔ نیب نے تینوں سے ہل میٹل اور العزیزیہ مل پرتحقیقات کےلئے سوالنامہ تیار کرلیا۔۔حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کے معاملے پر نیب دودھڑوں میں تقسیم ہوگیا۔ چیئرمین پرشریف خاندان کو بچانے میں لگ گئے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف طلبی کے باوجود نیب لاہور آفس میں پیش نہیں ہوئے۔ حسن اور حسین نواز نے بھی آنے سے ”ناں “ کر دی۔

کوئی آئے یا نہیں۔ تحقیقات نہیں رکے گی۔ نیب لاہور اور نیب راولپنڈی کی مشترکہ ٹیم نے نوازشریف اور ان کے صاحبزادوں سے تحقیقات کےلئے سوالنامہ تیار کرلیا۔ جو چیئرمین نیب، ڈپٹی چیئرمین نیب اور پراسکیوٹر جنرل نیب کو بھجوایا گیا جنہوں نے معمولی ترمیم کے بعد سوالنامہ قبول کرلیا۔

مشترکہ ٹیم نوازشریف اور ان کے صاحبزادوں سے ہل میٹل کمپنی اور العزیزیہ اسٹیل ملز لمیٹڈ کے بارے میں سوال کریگی۔ تینوں سے پوچھا جائیگا کہ ہل میٹل کمپنی کیسے بنی؟ پیسہ کہاں سے آیا؟ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں کون کون ہے؟ شیئرہولڈرز کی تفصیلات کہاں ہے؟ العزیزیہ سٹیل ملز کی اراضی اورمشینری کی خریداری کے حوالے سے سوال کئے جائیں گے۔

دوسری جانب حدیبہ پیپر ملز ریفرنس دوبارہ کھولنے کے معاملے پر نیب دو دھڑوں میں تقسیم ہوگیا۔۔چیئرمین نیب شریف خاندان کو بچانے کے لئے سرگرم ہوگئے۔۔نیب کے بعض اعلیٰ افسروں نے چیئرمین نیب کو سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا مشورہ دے دیا۔۔ چیئرمین نے سارے معاملے پر خاموشی اختیار کرلی۔۔

نیب نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور ان کے اہلخانہ کے اکاﺅنٹس کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔۔اس حوالے سے مختلف بینکوں کو خط لکھے گئے ہیں۔۔