Friday, April 26, 2024

نوازشریف ، آصف زرداری ، یوسف رضا کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر

نوازشریف ، آصف زرداری ، یوسف رضا کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر
March 2, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت ہو گئی ، نوازشریف ،آصف زرداری ، یوسف رضا گیلانی  کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کر دیا گیا ،  توشہ خانہ سے گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام عائد کر دیا گیا۔ سابق وزرائے اعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف علی زرداری ایک بار پھر مشکل میں آگئے ، چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے دستخط کے بعد نیب نے تینوں کےخلاف توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کردیا۔ تینوں سابق سربراہان پر غیر قانونی طورپرگاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے ، موقف اپنایا کہ آصف علی زرداری نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی انورمجید اور عبدالغنی مجید کے ذریعے کی۔ ریفرنس کے مطابق آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور متحدہ عرب امارات سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملیں جنہیں انہوں نے توشہ خانہ میں جمع کرانے کی بجائے خود استعمال کیں ، ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف 2008 میں کسی عہدے پر نہیں تھے لیکن انہیں بغیر کوئی درخواست دیے  یوسف رضا گیلانی نے توشہ خانہ سے گاڑی دی گئی ، ادائیگی عبدالغنی مجید نے جعلی بینک اکائونٹس سے کی ، نوازشریف نے جان بوجھ کر یوسف رضا گیلانی سے غیرقانونی فوائد حاصل کرلیے۔ ریفرنس میں کہا گیا کہ ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن نائن اے کی ذیلی دفعہ دو ، چار، سات اور12 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے،ٹرائل کرکے سخت سزا سنائی جائے۔ عدالت نے نیب کی درخواست پر آصف علی زرداری کا کلفٹن میں واقع گھر منجمد کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ دوسری جانب نیب راولپنڈی نے عبدالغنی مجید کا کراچی کینٹ میں 5 ہزار 145 مربع گزکا پلاٹ منجمد کرانے کےلیے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا ، موقف اپنایا کہ نیب کومطلوب یونس قدوائی کے ذریعے بے نامی اکائونٹس سے پلاٹ کی خریداری کےلیے ادائیگی کی گئی۔ احتساب عدالت پراپرٹی فریز کرنے کی اجازت دے۔