Tuesday, April 23, 2024

نوازشریف نہ جھکنے کی سزا بھگت رہے ہیں ، مریم نواز

نوازشریف نہ جھکنے کی سزا بھگت رہے ہیں ، مریم نواز
June 12, 2019

 نارووال (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا نوازشریف نہ جھکنے کی سزا بھگت رہے ہیں اور آج بھی عوام کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کا نارووال کے علاقے ظفر وال میں جلسہ ہوا۔ نائب صدر مریم نواز کا جلسہ گاہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا اور پنڈال بھی سج گیا۔ جلسے سے مریم نواز اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مریم نواز نے ظفر وال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا الیکشن چوری کرکے آنے والا عوام کے لئے کھڑا نہیں ہوسکتا ، جن کی اپنی حیثیت نہ ہو ان کے منہ سے این آر او کی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف کو اقامہ جیسے مذاق پر ہٹا کر ملک کی تباہی کی بنیاد رکھی گئی۔ نیازی کو صرف گو نہیں کرنا ،گھر تک چھوڑ کر آنا ہے۔

مریم نواز بولیں بجٹ میں عوام پر قیامت ٹوٹی۔ زندگی بھر دوسروں پر پلنے والوں  کو احساس نہیں 15 ہزار میں ایک خاندان کیسے گزارہ کرتا ہے۔

 مریم نواز نے کہا ایک سال پہلے ملک اوپر جا رہا تھا، بجلی کے منصوبے لگ رہے تھے، دہشت گردی ختم ہو رہی تھی۔ نواز شریف کو ہٹاتے ہی تباہی شروع ہوگئی۔ نواز شریف نہ جھکنے کی سزا بھگت رہے ہیں۔ احتساب کا دائرہ دس سال سے پیچھے لے جاتے ہوئے عمران خان کے پر جلتے ہیں۔

 وزیراعظم کے کمیشن بنانے کے اعلان پر بھی مریم نواز برس پڑیں اور بولیں عمران خان خود این آر او مانگتے پھریں گے۔ مریم نواز نے دعویٰ کیا تمہاری این آر او دینے کی کوئی حیثیت نہیں۔ مریم نواز نے عمران خان کے لندن فرار ہونے کی پیش گوئی بھی کر دی۔