Friday, April 26, 2024

نواز مخالف قوتوں میں رابطے تیز ، عمران خان کا طاہرالقادری سے 24گھنٹوں میں دوسری بار رابطہ

نواز مخالف قوتوں میں رابطے تیز ، عمران خان کا طاہرالقادری سے 24گھنٹوں میں دوسری بار رابطہ
August 30, 2016
لاہور(92نیوز)نواز مخالف قوتوں میں رابطے تیز ہو گئے۔عمران خان اور طاہرالقادری میں  چوبیس گھنٹوں میں دوبار فون پر بات چیت  ہوئی ہے تحریک قصاص اور تحریک احتساب میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ شیخ رشید نے بھی عوامی تحریک کے سربراہ سے ملاقات کی۔ تفصیلات کےمطابق دو ہزار چودہ میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف اسلام آباد میں طویل دھرنے دے کر سیاسی کزن بننے والے عمران خان اور طاہرالقادری نے ایک بار پھر باہمی رابطے تیز کر دئیے ہیں دونوں میں چوبیس گھنٹوں میں دو بار فون پر بات چیت ہوئی ہے۔  دو ہزار چودہ  میں عوامی تحریک کا دھرنا  بنا مشاورت کے  ختم کرنے پر عمران خان اور طاہرالقادری میں دوریاں پیدا ہو گئی تھیں لیکن اب جب دونوں جماعتوں نے ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پاناما لیکس اور سانحہ ماڈل ٹائون کی بنیاد پر تحاریک شروع کیں تو پہلے مرحلے کے اختتام پر ہی دونوں میں براہ راست رابطے ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹیلیفونک رابطوں میں دونوں نے حکومت مخالف تحریک میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔ جبکہ دونوں رہنمائوں نے تین ستمبر کو لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے پاکستان اور سالمیت پاکستان مارچز میں ایک دوسرے کو تعاون کا بھی یقین دلایا۔ عوامی تحریک کے جنرل سیکریٹری خرم نواز گنڈاپور نے عمران قادری فون رابطے کے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں جماعتوں میں تعاون اور ملاقاتیں تیز کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں  نے بدھ کو دونوں جماعتوں کے اعلی سطح کے وفد کی ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا۔ دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق پہلے کی طرح اب بھی عمران خان اور طاہرالقادری کو قریب لانے میں شیخ رشید کا کردار اہم ہے۔