Saturday, May 18, 2024

نواز شریف کے گردوں کا مرض تیسرے درجے تک پہنچ گیا ، مریم نواز

نواز شریف کے گردوں کا مرض تیسرے درجے تک پہنچ گیا ، مریم نواز
March 23, 2019

 لاہور (92 نیوز) مریم نواز نے کہا نواز شریف کے گردوں کا مرض تیسرے درجے تک پہنچ گیا ہے ، ٹیسٹ کا نتیجہ ٹھیک نہیں آیا۔

 اپنے ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا آج جیل میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔ نواز شریف کے گردوں کا مرض مزید بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے ٹیسٹوں میں گردوں کا ٹیسٹ ٹھیک نہیں آیا۔ نواز شریف کے گردوں کا مرض اسٹیج تھری تک پہنچ چکا ہے۔ نواز شریف کے بازو میں بدستور تکلیف ہے۔

 دوسری طرفکوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے نام پر طوفان بدتمیزی کا دن رہا۔ جیل میں سزا کاٹنے والے نوازشریف سے صاحبزادی مریم نواز نے ملاقات کی۔ کوٹ لکھپت جیل کے مسلم لیگ ن کے کارکن آپے سے باہر  ہو گئے اور بیس منٹ تک ٹرین روکے رکھی۔

 مشہور زمانہ گلو بٹ کے بھائی زاہد بٹ کی سربراہی میں کارکن ٹرین کے اوپر چڑھ گئے۔ پولیس بھی انہیں روکنے میں ناکام رہی۔ مریم نواز کی کوٹ لکھپت جیل آمد کے موقع پر دھکم پیل بھی ہوئی جس سے کئی کارکن زخمی ہو گئے۔

 جیل کے مین گیٹ پر کارکنوں نے رکاوٹیں توڑ دیں اور جیل کی جانب پیش قدمی شروع کر دی۔ جیل انتظامیہ نے مریم نواز کو کارکنوں کے ساتھ آنے پر اندر جانے سے روک دی جس پرمریم نواز نے کارکنوں کو واپس بھیجا۔

 مریم نواز اپنے والد نواز شریف سےملاقات کر کے جیل سے واپس چلی گئیں۔ ذرائع کے مطابق جیل کے سکیورٹی حکام نے مریم نواز کو کارکنوں سے ملاقات سے روک دیا۔