Friday, May 17, 2024

نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے ، وزارت داخلہ

نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے ، وزارت داخلہ
March 24, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہ کرنے کی سفارش کر دی۔

سیکرٹری وزارت خارجہ کو لکھے گئے خط میں وزارت داخلہ نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف کی پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے۔ ہائی کورٹ اور احتساب عدالت کے فیصلے کے مطابق نواز شریف مفرور مجرم ہیں۔ جب تک وہ عدالت میں پیش نہیں ہوتے تب تک انہیں مزید ریلیف نہیں دیا جاسکتا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ  کے مطابق نواز شریف کو 8 ہفتے کی ضمانت ملی تھی جبکہ پنجاب حکومت نے 8 ہفتے مکمل ہونے کے بعد نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہیں کی تھی۔ نواز شریف کو سزا کی بقیہ مدت کوٹ لکھپت جیل میں گزارنی ہے۔ نواز شریف سزا سے بچنے کیلئے ملک سے فرار ہوئے ہیں۔ نواز شریف مطمئن نہ کر سکے کہ ان کے پاسپورٹ کی مزید تجدید کی جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف واپس آنا چاہیں تو ایمرجنسی ٹریول کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن نواز شریف کو تحریری جواب دے کہ پاسپورٹ رینیو نہیں ہو سکتا۔  

وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے یورپ کو خط لکھ کر نوازشریف کی بیماری سے متعلق تفصیلات مانگ لیں اور کہا کہ ہائی کمیشن علاج کی تفصیلات کے حصول کیلئے نوازشریف سے راضی نامے پر دستخط کرائیں۔ راضی نامے پر دستخط کے بعد پاکستانی ہائی کمیشن علاج کی تفصیلات حاصل کرے۔ نوازشریف کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کے نام اور پتہ۔ ، میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹس ، ابتک ہونیوالے علاج اور اسکی مد میں ادائیگیوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔