Tuesday, April 23, 2024

نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سیکرٹری خارجہ کو ارسال

نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سیکرٹری خارجہ کو ارسال
September 17, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سیکرٹری خارجہ کو ارسال ہو گئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دفتر خارجہ کو برطانیہ میں ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ کی تعمیل کا حکم دیا۔ نواز شریف کی 22 ستمبر اور دیگر تاریخوں پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ نواز شریف کے وارنٹ پارک لین لندن کے پتے پر ارسال کیے گئے۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی متفرق درخواستوں پر تحریری حکمنامہ جاری کیا تھا۔ پانچ صفحات پر مشتمل حکم نامے میں کہا تھا کہ نواز شریف کو دی گئی ضمانت ختم ہو چکی، نواز شریف کو عدالت کے سامنے سرینڈر کرنا چاہیے تھا لیکن انہوں نے نہیں کیا۔ نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل پر میرٹ پر فیصلہ ہو گا ۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت سے قبل نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کی کارروائی ہو گی۔ نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر وفاقی حکومت عملدرآمد کرائے، کسی اور کیس میں بھی اشتہاری قرار پانے والا قانونی طور پر حاصل حقوق کھو دیتا ہے۔