Sunday, September 8, 2024

نواز شریف کے خلاف درخواستوں پر چیئرمین ن لیگ کو نوٹس جاری

نواز شریف کے خلاف درخواستوں پر چیئرمین ن لیگ کو نوٹس جاری
August 21, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن میں سپریم کورٹ کے نااہلی فیصلے پر نواز شریف کے خلاف تین متفرق درخواستوں کی سماعت، بابر اعوان کہتے ہیں نااہلی کے باوجود نوازشریف پارٹی معاملات کی نگرانی کررہے ہیں۔ پارٹی کا نام تبدیل کیا جائے، الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن سے جواب طلب کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے پاکستان مسلم لیگ ن اور نواز شریف کے خلاف تین درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواستیں تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک اور نیاز انقلابی کی جانب سے دائر کی گئیں۔

الیکشن کمیشن نے تینوں درخواستوں کی یکجا سماعت کی، وکیل تحریک انصاف بابراعوان نے دلائل دیے کہ نااہلی کے بعد مسلم لیگ ن نواز شریف کے نام سے کام نہیں کرسکتی اور نااہل شخص کوئی پارٹی عہدہ بھی نہیں رکھ سکتا نوازشریف ابھی تک پارٹی معاملات کی نگرانی کررہے ہیں۔

دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آپ یہ معاملہ عدالت لے جاتے۔ بابر اعوان نے کہا کہ آپ کا دائرہ اختیار تھا اس لیے پہلے آپ کے پاس آئے، وہاں بھی جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چیئرمین پارٹی راجا ظفرالحق سے 13 ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔