Friday, May 17, 2024

نواز شریف کے احتساب تک ہم سڑکوں پر رہیں گے : عمران خان

نواز شریف کے احتساب تک ہم سڑکوں پر رہیں گے : عمران خان
September 18, 2016
اسلام آباد(92نیوز)تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے نوازشریف کے احتساب تک ہم سڑکوں پر رہیں گے ،سٹیٹس کو کی ساری قوتیں چاہتی ہیں کہ ہم پاناما لیکس کو بھول جائیں ، آج پاکستانیوں کے سامنے دو راستے ہیں ایک اربوں کی کرپشن بھول کر دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن کا انتظار ہے یہ تباہی کا راستہ ہے ،دوسرا راستہ نیا پاکستان بنانا ہے ، تیس ستمبر کے رائیونڈ مارچ کیلئے چوبیس تاریخ سے تیاریاں شروع کی جائیں گی ۔ تفصیلات کےمطابق بنی گالا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ سٹیٹس کو کی قوتیں چاہتی ہیں کہ ہم پاناما لیکس بھول جائیں ایسا نہیں ہوسکتا کیوںکہ یہ ملک کیلئے تباہی کا راستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کو عدالت میں لے کرجائیں تو رجسٹرار مضحکہ خیز قراردیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ وزیراعظم نے اربوں روپے چوری کرکے باہر 92-93 میں جائیدادیں بنائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ مغرب کے اندر برطانیہ کا وزیراعظم اگر جھوٹ بولتا تو اسے مستعفی ہونا پڑتا ہے۔وزیراعظم رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں  اور پانچ ماہ گزرگئے لیکن وہ جواب دینے کی بجائے فیتے کاٹ رہے ہیں ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں ساڑھے تین ہزار ارب سالانہ کرپشن ہوتی ہے لیکن کوئی پوچھتا نہیں ۔ نیب کے بننے سے کرپشن کم ہونے کی بجائے بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ہمارا منہ بند کرنے کیلئے ہم پر الزامات لگادیئے ہیں ۔وزیراعظم کے بچوں نے چوری کی ہے اور وہ بھی اربوں کی لیکن سٹیٹس کو کی طاقتیں چاہتی ہیں کہ ہم اس کرپشن کو بھول جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا سارا پیسہ 2018 کا الیکشن خریدنے کیلئے ہوگا بے ضمیر لوگ کہتےہیں کہ میں وزیراعظم بننے کیلئے احتجاج کررہا ہوں ۔ عمران خان نے کہا ہے کہ رائے ونڈ کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہم ہرصورت 3ستمبر کو پہنچیں گے اور جب تک نواز شریف کا احتساب نہیں ہوگا ہم سڑکوں پر رہیں گے. انہوں نے کہا کہ پاکستانی اب اگر اپنے حقوق کیلئے کھڑے نہ ہوئے تو غلام بن جائیں گے ۔ انہوں نے پنجاب حکومت کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گیا تو اس کا جواب دیا جائے گا اور انتشار کی ذمہ داری بھی حکومت پر عائد ہوگی ۔ ۔