Saturday, April 27, 2024

نواز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع

نواز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع
May 8, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین نیب نے اربوں ڈالر بھارت بھیجنے کا نوٹس لیتے ہوئے نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔ نیب کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ نواز شریف نے 4.9ارب دالر بھیجے ہیں جس پر چیئرمین نیب نے جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔ ایون فیلڈ پراپرٹیز، فلیگ شپ اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کے بعد نیب نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے خلاف ایک اور کیس کھول دیا ہے۔ نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نوازشریف کی طرف اربوں ڈالر کی بھارت منی لانڈرنگ کا نوٹس لے لیا اور نوازشریف اور دیگر کے خلاف شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم دیدیا ہے۔ بھارتی حکومت کے سرکاری خزانہ میں 4ارب 9کروڑ ڈالر کی خطیر رقم بھجوانے سے  بھارتی حکومت کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اہم انکشاف  ورلڈ بینک کی  مائیگریشن اینڈ ریمٹنس بک 2016 میں موجود ہے۔ نوازشریف کے اس اقدام سے قومی خزانے کو شدید نقصان ہوا۔ چینل 92 ٹو نیوز کے اینکر پرسن اور ماہر معاشیات فرخ سلیم نے  2015 میں معاملے کی نشاندہی کردی تھی۔