Thursday, March 28, 2024

نواز شریف کی پارٹی صدارت کیخلاف درخواستوں پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

نواز شریف کی پارٹی صدارت کیخلاف درخواستوں پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
November 30, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف کی پارٹی صدارت کے خلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن نے معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہونے پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ انتخابی اصلاحات ایکٹ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن اس میں کیا کر سکتا ہے؟۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے نا اہلی کے بعد بھی پارٹی صدارت سنبھالنے کے خلاف تحریک انصاف اور عوامی تحریک سمیت 4 درخواستوں کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی صدار ت میں 3 رکنی بنچ نے کی۔
تحریک انصاف کی جانب سے کوئی بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا۔ نیاز انقلابی ایڈووکیٹ عوامی تحریک اور خود اپنی درخواست سے متعلق پیش ہوئے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ کسی شخص کو عدالت نا اہل قرار دے تو اس کے نام پر سیاسی جماعت رجسٹر نہیں رہ سکتی۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جماعت تو پاکستان مسلم لیگ کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ نواز یا قائد اعظم تو گروپ ہیں۔
الیکشن کمیشن نے معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باعث چاروں درخواستوں پر سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی۔