Thursday, April 25, 2024

نوازشریف کی وطن واپسی پر گرفتاری ،نیب ٹیمیں لاہور،اسلام آباد ائیرپورٹس پر تعینات ہونگی

نوازشریف کی وطن واپسی پر گرفتاری ،نیب ٹیمیں لاہور،اسلام آباد ائیرپورٹس پر تعینات ہونگی
July 9, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز )سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے کے لئے نیب نے حکمتِ عملی تیار کر ی ،  نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے لئے نیب کی 2 ٹیمیں لاہور اور 2 اسلام آباد میں تعینات ہوں گی، پولیس بھی نیب ٹیموں کی مدد کیلئے موجود ہوگی، دوسری طرف نوازشریف کو نیب کے شکنجے سے بچانے کیلئے ن لیگ نے انتظامیہ سے ہاتھا پائی کا منصوبہ بنا لیا۔ ذرائع کے مطابق سزا یافتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو وطن واپسی پرائیرپورٹ سے ہی گرفتار کر لیا جائے گا  ، نیب نے اس حوالے سے 4 ٹیمیں مقرر کی ہیں ،جن میں سے 2 لاہور ایئر پورٹ اور 2 اسلام آباد ایئر پورٹ پر تعینات ہوں گی۔ ہر ٹیم میں 6سے 7 نیب اہلکار  شامل ہوں گے  جنہیں پولیس اور لیڈی پولیس کی پوری مدد حاصل ہو کی۔ نیب ٹیم میں ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر عہدے کے افسران سمیت نیب آئی اینڈ ایس کے اہلکار شامل کئے جائیں گے ۔ذرائع کہتے ہیں کہ نواز شریف اور مریم نواز کو ایئر پورٹ کے اندر سے ہی حوالات میں منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے  جبکہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے بکتر بند گاڑیوں کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا۔ دوسری جانب نواز شریف کو نیب کے ہاتھوں گرفتاری سے بچانے کے لیے ن لیگ کے کارکنان کانیا پلان بے نقاب ہوگیا ہے، ذرائع کے مطابق نون لیگ کے کارکنان کی جانب سے انتظامیہ، نیب اور پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی کا امکان ہے۔ ہنگامہ آرائی کا مقصد میڈیا کی توجہ حاصل کر کے نواز شریف کو مظلوم ثابت کرنا ہے ، ذرائع بتاتے ہیں کہ مقامی تنظیم نے ہاتھا پائی کرنے والے کارکنان کو ان کے متعلقہ مقامات اور ڈیوٹیز سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد،  لاہوراورشیخوپورہ سمیت کئی اضلاع سےٹکٹ ہولڈرز کو متحرک کارکنوں کی فہرستیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ، نون لیگ نے ہنگامہ آرائی کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے ہمدرد سرکاری افسران بالخصوص پولیس افسران سے مدد مانگ لی ہے۔ دوسری جانب نیب  لاہور نے نواز شریف کو ائیرپورٹ سے حراست میں لینے کیلئے  ہیلی کاپٹر مانگ لیا ۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے چیئرمین  نیب کو خط لکھا کہ لاہور ائیرپورٹ سے نواز شریف کی گرفتاری کیلئے  ہیلی کاپٹر مہیا کیا جائے ۔