Sunday, September 8, 2024

نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے حکومت کا شہباز شریف کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے حکومت کا شہباز شریف کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان
January 2, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) حکومت نے نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے شہباز شریف کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کرلیا۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا شہبازشریف نے نوازشریف کی واپسی کا بیان حلفی دیا تھا، ہائیکورٹ کو شہبازشریف کے بیان حلفی پر نوٹس لینا چاہیے۔ اٹارنی جنرل کو شہباز شریف کے بیان حلفی پر کارروئی کا کہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی حکومت نے گزشتہ قرضوں کے مقابلے میں زیادہ قرضے لیے، پی ٹی آئی حکومت 32 ارب ڈالر کا قرض واپس کر چکی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اُمید ہے 15 سے20  جنوری کے درمیان فنانس بل پاس ہو جائے گا۔ اتحادی جماعتوں نے بجٹ میں ساتھ دیا، فنانس بل پر بھی کسی حکومت اتحادی جماعت کو اعتراض نہیں ہوگا۔ کھانے پینے کی اشیاء پر 30 فیصد رعایت دے رہے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے باعث پاکستان میں مہنگائی ہوئی۔ گزشتہ سال پاکستان کی بڑی کمپنیوں نے 929 ارب روپے کا منافع کمایا، میڈیا کے پرافٹ میں 33 سے 40 فیصد اضافہ ہوا، حکومت نے تنخواہوں میں 15 سے 20 فیصد اضافہ کیا۔ نجی شعبہ بھی اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک بھر میں عوام کے صحت کے اخراجات ختم کردیئے، سندھ حکومت بھی صوبے میں صحت کارڈ شروع کرے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا گورنر حکومت ہی تعینات کرے گی، اسٹیٹ بینک کی آزادی ملک کے مفاد میں ہے۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں یوریا کھاد کی قیمت 10 ہزار روپے فی بیگ جبکہ پاکستان میں یوریا کھاد 1700 سے 2 ہزار روپے فی بیگ ہے۔ ملکی تاریخ میں گزشتہ سال سب سے زیادہ یوریا کھاد کی پیداوار ہوئی۔