Friday, March 29, 2024

نواز شریف کی واپسی سے متعلق لندن سے مثبت اشارے ملے ہیں ، فیصل واوڈا

نواز شریف کی واپسی سے متعلق لندن سے مثبت اشارے ملے ہیں ، فیصل واوڈا
October 23, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا نواز شریف کی واپسی سے متعلق لندن سے مثبت اشارے ملے ہیں۔ وفاقی وزیر فیصل ووڈا نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں مختلف مقدمات میں مطلوب سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو برطانیہ سے تحویل میں لینے کے لیے حکومت پاکستان نے برطانوی حکومت سے رابطے تیز کر دیے ہیں اور تین خطوط سمیت سفارتی سطح پر بات چیت اور متعدد ٹیلی فون کالز بھی ہو چکی ہیں۔ برطانوی حکومت سے اب تک ہونے والے رابطوں کے بارے میں فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ برطانوی حکام کا رد عمل اس بارے میں کافی حوصلہ افزا ہے اور حکومت پاکستان کو لندن سے مثبت اشارے موصول ہو رہے ہیں۔ فیصل ووڈا کا بی بی سی بات کرتے ہوئے یہ بھی کہنا تھا کہ برطانوی حکومت سے مثبت اشارے ملنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ نواز شریف ایک سزا یافتہ مجرم ہیں اور وہ علاج کا بہانہ بنا کر لندن آئے تھے۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کے سامنے نواز شریف کی تقاریر کا متن بھی رکھا گیا اور انڈیا کی طرف سے پاکستان کے خلاف ہونے والے پراپیگنڈہ کے ثبوت بھی پیش کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ بات اجاگر کی جا سکے کے دونوں کے بیانیے میں کس قدر مماثلت اور یکسانیت پائی جاتی ہے۔ فصل واوڈا نے کہا کہ برطانوی حکومت کے سامنے نواز شریف کی نااہلیت کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی رکھی گئی ہے جس کے تحت نواز شریف تاحیات نہ تو کسی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں نہ ہی کسی سیاسی جماعت کی سربراہی کر سکتے اور عملی سیاست میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے۔